ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : عوام کی مخالفت کے باوجود سرابی ندی میں گندے پانی کی نکاسی - انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی وارننگ

بھٹکل : عوام کی مخالفت کے باوجود سرابی ندی میں گندے پانی کی نکاسی - انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی وارننگ

Tue, 19 May 2026 17:11:31    S O News
بھٹکل : عوام کی مخالفت کے باوجود سرابی ندی میں گندے پانی کی نکاسی - انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی وارننگ

بھٹکل  ،19/ مئی (ایس او نیوز) شہر میں نیشنل ہائی توسیعی منصوبے کا کام عوام کے لئے راحت کا سامان بننے کے بجائے آَئے دن کسی نہ کسی تنازع اور مسئلے کا سبب بنتا جا رہا ہے ۔ 
    
عوام کے لئے دشواریاں پیدا کرنے والی تازہ صورت حال یہ سامنے آئی ہے کہ گزشتہ دو مہینوں سے ڈرینیج کا گندا پانی موڈ بھٹکل کے پاس سرابی ندی مسلسل چھوڑا جا رہا ہے ۔ اس کی وجہ سے عوام کو فطری طور پر ماحولیاتی آلودگی اور بیماریوں کے مسائل کرنے کی نوبت آ گئی ہے ۔
    
مقامی لوگوں نے ہائی وے توسیعی منصوبے کی ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے خلاف سخت ناراضگی اور غصے کا اظہار کیا ہے ۔ جب تعمیراتی کام شروع ہوا تھا تو اس وقت پرانے نالے ختم کرکے نئے نالوں کی تعمیر کا تیقن دیا گیا تھا ۔ اب اتر پردیش سے تعلق رکھنے والی کلاسک کنسٹرکشن نامی ٹھیکیدار کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے نالوں کی تعمیر ممکن نہیں ہے ۔ اس بات سے لوگ حیران ہوگئے ہیں ۔ 
    
اس وقت حالت یہ ہے یہ گندا پانی کھیتوں کے قریب بہہ رہا ہے ۔ اس سے زراعتی سرگرمیوں میں دشواری پیدا ہو رہی ہے ۔ بدبو اور کیچڑ کی وجہ سے کسان پریشان ہیں ۔ ان کے لئے کھیتوں میں کام کے لئے اترنا مشکل ہو گیا ہے ۔ اس کے علاوہ قریبی کنویں بھی اس گندے پانی سے آلودہ ہو جانے کی وجہ سے پینے کے پانی کا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے ۔ 
    
مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ کئی مرتبہ انہوں نے میونسپالٹی، این ایچ اے آئی اور دوسرے متعلقہ افسران اور محکمہ جات سے رابطہ قائم کیا اور اپنی شکایت پیش کی ، مگر اس ضمن میں کسی نے بھی کوئی اقدام نہیں کیا ہے ۔ صرف متعلقہ مقام پر پہنچ کر معائنہ کرنے اور کارروائی کی یقین دہانی کرکے لوٹنے کے بعد افسران اس معاملے سے گویا بے تعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کوئی بھی کارروائی نہیں کر رہے ہیں ۔ 
    
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ افسران نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے میٹنگ منعقد کرنے کا تیقن دیا تھا ، لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نظر نہیں آ رہی ہے ۔ ہر دن کوئی نہ کوئی مسئلہ کرنے والے اس توسیعی منصوبے کے تعمیراتی کام سے عوام پریشان ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ برسات کا موسم شروع ہونے سے قبل پانی کی نکاسی کے لئے نالوں کی تعمیر کرکے گندے پانی کی نکاسی کا درست انتظام کیا جائے ۔ بصورت دیگر اس کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرا کیا جائے گا ۔ 
    
اس معاملے پر میونسپل کمشنر بابا صاحب مانے نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی طرف سے دی گئی شکایت کے بارے میں تفصیل معلوم ہوئی ہے ۔ آئی آر بی کے انجینئر سدیش کو ساتھ لے کر موقع پر جانے اور گفتگو کرنے کے ساتھ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے کارروائی کی جائے گی ۔ بارش سے پہلے عبوری طور پر نالے اور گٹر تعمیر کرنے کے سلسلے میں توجہ دی جائے گی ۔ 


Share: