ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: پانچویں اہل نوائط بین الجماعتی کانفرنس کی تیاریاں زور و شور سے جاری؛ عتیق الرحمن مُنیری کنوینر منتخب

بھٹکل: پانچویں اہل نوائط بین الجماعتی کانفرنس کی تیاریاں زور و شور سے جاری؛ عتیق الرحمن مُنیری کنوینر منتخب

Mon, 23 Dec 2024 01:29:52  IG Bhatkali   S O News
بھٹکل: پانچویں اہل نوائط بین الجماعتی کانفرنس کی تیاریاں زور و شور سے جاری؛ عتیق الرحمن مُنیری کنوینر منتخب

بھٹکل، 23 دسمبر (ایس او نیوز): پانچویں اہل نوائط بین الجماعتی کانفرنس کے انعقاد کے لیے تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ یہ کانفرنس اگلے سال جولائی یا اگست میں منعقد کیے جانے کی توقع ہے۔ اس اہم کانفرنس کے انعقاد کے لیے مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے تنظیم کے نائب صدر اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے جنرل سکریٹری جناب عتیق الرحمن منیری کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی قیادت میں ایک 17 رکنی کمیٹی کی تشکیل کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

پیر، 23 دسمبر کو تنظیم کی انتظامیہ میٹنگ میں تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری کی صدارت میں بین الجماعتی کانفرنس کے سلسلے میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں تنظیم کے صدر، جنرل سکریٹری اور کونسل کنوینر سمیت تنظیم کے 11 اراکین کو کمیٹی میں شامل کیا گیا، جبکہ دیگر جماعتوں کے نمائندوں کی نامزدگی کا عمل ابھی باقی ہے۔

بتاتے چلیں کہ اہل نوائط کی پہلی بین الجماعتی کانفرنس11، 12، 13 اور 14 فروری 1989 کو مرحوم محی الدین مُنیری کی کنوینرشپ میں، دوسری1، 2، 3 فروری 1992کو مرحوم عبدالرحیم ارشاد کی کنوینرشپ میں، تیسری 23، 24، 25 جولائی 2002 کو مرحوم عبدالغنی محتشم  کی کنوینرشپ میں، چوتھی 13، 14، 15 جنوری 2011 کو مرحوم ڈی ایچ شبرکی کنوینرشپ میں ہوئی تھی۔ ابتدائی تین کانفرنس کیرالہ کے کالی کٹ میں جبکہ چوتھی کانفرنس کیرالہ کے وائناڈ میں ہوئی تھی اب پانچویں کانفرنس کہاں اور کب  ہوگی،اس کے اہم ایجنڈے، تجاویز اور ان پر عمل درآمد کے لیے مشاورتی عمل جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تمام اہم بھٹکلی اداروں اور جماعتوں کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی کانفرنس کی حتمی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

کانفرنس کے کنوینر جناب عتیق الرحمن منیری اور تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے ندوی نے واضح کیا کہ کانفرنس کے سلسلے میں مسلسل میٹنگز اور مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج (پیر) رات بھی ایک اہم میٹنگ ہوگی، جس کے بعد ہی عوام کو حتمی معلومات فراہم کی جائیں گی۔


Share: