ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: چلتی ٹرین سے گرنے والے مسافر کی پوائنٹس مین کی حاضر دماغی نے بچائی جان، 10 ہزار روپے انعام

بھٹکل: چلتی ٹرین سے گرنے والے مسافر کی پوائنٹس مین کی حاضر دماغی نے بچائی جان، 10 ہزار روپے انعام

Mon, 13 Jul 2026 00:31:33    S O News
بھٹکل: چلتی ٹرین سے گرنے والے مسافر کی پوائنٹس مین کی حاضر دماغی نے بچائی جان، 10 ہزار روپے انعام

بھٹکل، 12 جولائی (ایس او نیوز): مرڈیشور ریلوے اسٹیشن پر اتوار کی صبح کونکن ریلوے کے ایک پوائنٹس مین نے حاضر دماغی اور غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کی جان بچا لی۔ ان کی اس بہادری کے اعتراف میں کونکن ریلوے کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر سنتوش کمار جھا نے انہیں 10 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوچوویلی سے سری گنگا نگر جانے والی ٹرین میں سفر کر رہا 22 سالہ محمد غفور ٹرین چل پڑنے کے بعد گھبراہٹ میں اس سے اترنے کی کوشش کرنے لگا۔ اس دوران اس کا پیر پھسل گیا اور وہ ریلوے پٹری پر گرنے کے قریب پہنچ گیا۔

مسافر کو خطرے میں دیکھتے ہی ڈیوٹی پر موجود پوائنٹس مین گنپتی نائک نے فوری طور پر اسے مضبوطی سے پکڑ کر باہر کی طرف کھینچ لیا اور پٹری پر گرنے سے بچا لیا۔ اس کی بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا اور مسافر محفوظ رہا۔

IMG-20260712-WA0029

یہ پورا واقعہ اسٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا، جس کے بعد عوام کی جانب سے گنپتی نائک کی حاضر دماغی کو خوب سراہا گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کونکن ریلوے کی پبلک ریلیشن آفیسر سدھا کرشنا مورتی سمیت ریلوے کے سینئر حکام نے بھی گنپتی نائک کی فرض شناسی، حاضر دماغی اور مسافروں کی حفاظت کے لیے ان کے مثالی اقدام کی بھرپور ستائش کی۔

گنپتی نائک کی بہادری اور ریلوے سیفٹی کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں کونکن ریلوے کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر سنتوش کمار جھا نے اتوار کی شام انہیں 10 ہزار روپے نقد انعام پیش کیا۔

اس موقع پر ریلوے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چلتی ٹرین میں سوار ہونے یا اس سے اترنے کی ہرگز کوشش نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اور معمولی سی غفلت بھی جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ہمیشہ ٹرین کے مکمل طور پر رکنے کے بعد ہی اس میں سوار ہوں یا اس سے اتریں۔

Click here to watch the CCTV footage:


Share: