بھٹکل 30 / مئی (ایس او نیوز) کرناٹکا اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر آر اشوک نے بھٹکل میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بی جے پی آپریشن کمل کے توسط سے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گی۔ آر اشوک کے مطابق کانگریس پارٹی ایک بکھرا ہوا گھر ہے اور ریاست میں ایک غیر مستحکم حکومت ہے۔
اشوک نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے سدا رامیا کو ان کی طرف سے طلب کردہ مہلت نہ دیتے ہوئے ذلیل کرکے واپس بھیجا ہے۔ ڈی کے شیو کمار وزارت اعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہونے والے ہیں۔ سدا رامیا کو تبدیل کرنے سے کسی بھی قسم کی تبدیلی آنے کی توقع کرنا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بالکل 'نئی بوتل میں پرانی شراب' جیسا ہی ہے ۔ کانگریسی حکومت ایک مرنے والی حکومت ہے ۔ کرناٹکا کو قرض داروں کی ریاست بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں ریاست کا قرضہ دس لاکھ کروڑ روپوں تک پہنچنے والا ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے لئے کرناٹکا سے رقم لوٹنا ہی ان کا مقصد بن گیا ہے ۔
اس موقع پر رکن پارلیمان وشویشورا ہیگڑے کاگیری، سابق وزیر شیوا نند نائک، سابق رکن اسمبلی سنیل نائک، روپالی نائیک، سنیل ہیگڑے، بی جے پی لیڈر گووندا نائک، ضلع صدر این ایس ہیگڑے وغیرہ موجود تھے ۔