بھٹکل، یکم / جنوری (ایس او نیوز) کرسمس تہوار، اسکولوں کی تعطیل اور نئے سال کے استقبال کے لئے جشن منانے کے موقع پر ریاست کے مشہور مذہبی اور سیاحتی مرکز مرڈیشور میں عام طور پر سیاحوں کا جو ہجوم رہتا تھا اور جو رونق ہوتی تھی، امسال اس کی ایک جھلک بھی دور دور تک نظر نہیں آئی ۔
سال 2024 کی آخری رات اور 2025 کی آمد کے موقع پر تقریباً پورا ساحل ویران اور سنسان پڑا ہوا تھا ۔ امسال دسمبر کا مہینہ مرڈیشور میں ساحل کی سیر کرنے والوں کے لئے اچھا نہیں رہا ۔ کولار ضلع کی چار طالبات سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہونے کے بعد ساحل پر حفاظتی نقطہ نظر سے جو پابندیاں عائد کی گئیں اس کا اثر براہ راست اس جگہ سیاحوں کی آمد پر پڑا اور اس کا بالواسطہ اثر یہاں کی کاروباری اور تفریحی زندگی پر پڑا ہے ۔
مرڈیشور میں سیاحوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار اور جان لیوا حادثات کے اہم اسباب میں جہاں سیاحوں کی طرف سے احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کا ہاتھ ہے وہیں پر ناکافی تعداد میں لائف گارڈز کی تعیناتی، ہنگامی حالات اور بچاو کام میں استعمال ہونے والے آلات اور سامان کی کمی کا بھی بڑا دخل ہے ۔ اسی کے ساتھ سمندری کنارے پر بنی ہوئی غیر قانونی چھوٹی چھوٹی دکانیں بھی سیاحوں کو سیر کے لئے وسیع علاقہ فراہم کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہیں ۔ حالانکہ اب ضلع انتظامیہ نے 70 سے زائد غیر قانونی دکانیں یا باکڑے وہاں سے ہٹائے ہیں ۔ مگر عوام کا کہنا ہے کہ ابھی بہت سی غیر قانونی دکانوں کو اس علاقے سے ہٹانے کی ضرورت ہے ۔