ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : سرکاری افسران کو وزیر منکال وئیدیا کی سخت تاکید : عوام کے مسائل حل کریں یا پھر تبادلے کے لئے تیار رہیں

بھٹکل : سرکاری افسران کو وزیر منکال وئیدیا کی سخت تاکید : عوام کے مسائل حل کریں یا پھر تبادلے کے لئے تیار رہیں

Wed, 08 Jan 2025 03:37:13  IG Bhatkali   S O News
بھٹکل : سرکاری افسران کو وزیر منکال وئیدیا کی سخت تاکید : عوام کے مسائل حل کریں یا پھر تبادلے کے لئے تیار رہیں

بھٹکل 7 / جنوری (ایس او نیوز) شہر کے تعلقہ پنچایت دفتر میں منعقدہ سہ ماہی جائزاتی میٹنگ میں ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے سرکاری افسران کو سخت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے عوام کو ان کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی تکلیف یا رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے ۔ 

    منکال وئیدیا نے کہا کہ افسران کو عوام سے عزت اور وقار کے ساتھ پیش آنا چاہیے ۔ اگر افسران نے اپنا رویہ درست نہیں کیا اور عوام کے مسائل حل کرنے میں تاخیر اور ہراسانی کا رویہ اپنایا تو پھر یہاں سے ان کا تبادلہ دوسری جگہ کروانے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا ۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ مالگزاری [ریوینیو] میں ایجنٹوں کا دربار پوری طرح ختم ہونا چاہیے ۔ دلالوں کے بغیر عوام کے مسائل حل ہونا چاہیے ، ورنہ اس کا خمیازہ افسران کو بھگتنا پڑے گا ۔ 
    کے ڈی پی کے نامزد رکن بھاسکر نائک اور تعلقہ گیارنٹی کمیٹی کے رکن راجو نائک نے تحصیلدار دفتر میں پیدائش اور موت کا سرٹفکیٹ دینے کے لئے ستائے جانے کا الزام لگایا تو وزیر موصوف اس سلسلے میں تحصیلدار  دفتر سے متعلقہ افسر سے اس بارے میں پوچھ تاچھ کی اور کہا کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو پھر یہ سمجھ لو ہمیں بھی تمہاری ضرورت نہیں ہے، جوئیڈا میں منتقل ہونے کے لئے تیار رہو ۔ 

    منکال وئیدیا نے شہر میں سست رفتاری سے چل رہے تعمیراتی کام کے سلسلے میں  ٹی ایم سی کے چیف آفیسر ہدایت دی کہ جب تک کام مکمل نہیں ہوتا تب تک ٹھیکیدار کا بل منظور نہ کریں ۔ سرکاری بسوں کی وقت پر روانگی کے سلسلے میں کے ایس آرٹی سی بس ڈپو منیجر کو ہدایت دینے کے علاوہ ہیسکام اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر کو ہدایت دی کہ 110 کے وی اسٹیشن کا کام مارچ کے آخر تک مکمل ہونا چاہیے ۔ 

    منکال وئیدیا نے ساگر روڈ پر موجود کچرا جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچرا ذخیرہ کرنے کے ٹھکانے پر اس وقت 26 ہزار ٹن کچرا جمع ہو گیا ہے جسے ٹھکانے لگانے کی ضرورت ہے ۔ اس کچرے کے پہاڑ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈا سے پوچھا کہ اس ضمن میں ٹی ایم سی کی طرف سے کیا اقدام کیا جا رہا ہے ۔ اس کا جواب دیتے ہوئے چیف آفیسر نے کہا کہ کچرا جمع کرنے کے اس مرکز پر مشینیں لگانے کے بارے میں کارروائی ہو رہی ہے ۔ یہاں جنگلی سور گھس آتے ہیں اور ان سوروں کا شکار کرنے کے لئے کچرا مرکز کا قفل توڑ کر لوگ اندر داخل ہوتے ہیں ۔ اس کی وجہ سے وہاں مسائل بڑھ گئے ہیں ۔ 

    بی ای او وینکٹیش نائک نے میٹنگ میں اپنے محکمہ سے متعلق بات رکھتے ہوئے بتایا کہ امسال بھٹکل تعلقہ سے 2226 طلبہ ایس ایس ایل سی کا امتحان دینے والے ہیں ۔ محکمہ تعلیم کی طرف سے امسال بہترین نتائج لانے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے اس طرف بھی توجہ دلائی کہ گزشتہ سال بھٹکل تعلقہ کو ضلع میں دوسرا مقام حاصل ہوا تھا ۔ 20 نکاتی پروگرام کو پوری طرح نافذ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہمیں امید ہے اس سال گزشتہ سال سے بھی عمدہ نتائج سامنے آئیں گے ۔ 

میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنرڈاکٹر  نینا، تعلقہ پنچایت سی ای او وینکٹیش نائیک، تحصیلدار ناگیندرا کولشیٹی، ضلع گیارنٹی کمیٹی کے صدر ستیش نائک، ٹی ایم سی کے انچارج  صدر  الطاف کھروری سمیت مختلف محکمہ جات کے افسران موجود تھے ۔ 


Share: