
بھٹکل ، 20 / فروری (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور میں گزشتہ سال سے شروع کیا گیا مہا شیوراتری کا تہوار امسال بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا ۔
بھٹکل کے منی ودھان سودھا میں ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے مہا شیوراتری کمیٹی کے ساتھ میٹنگ منعقد کرکے اس پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ اس پروگرام میں شرکت کے لئے شیرور، بھٹکل، اتر کوپا، منکی اور ہوناور سے آنے والے بھکتوں کے لئے کم از کم 20 خصوصی بسیں چلانے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ مندر میں درشن کے لئے پیدل آنے والے بھکتوں کی سہولت کے لئے مندر انتظامیہ کمیٹی سے صبح چار بجے سے ہی مندر کے دروازے کھولنے کی درخواست کی گئی ہے ۔
مہا شیوراتری پروگرام کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کے معروف کلاکاروں کے علاوہ مقامی فنکار بھی شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک بھکتی پر مبنی جاگرن پروگرام پیش کریں گے ۔
اس موقع پر ضلع ڈی سی لکشمی پریا نے افسران کو ہدایت دی کہ شیوراتری کے موقع پر وہاں فراہم ہونے والے پانی اور کھانے پینے کی چیزوں کی کوالیٹی اور معیار پر نظر رکھی جائے ۔ فائر بریگیڈ، بجلی کی سربراہی، موبائل بیت الخلا، صفائی ستھرائی کا انتظام درست طریقے پر کرتے ہوئے حفظان صحت کے لحاظ سے پوری احتیاطی تدابیر کی جائیں ۔
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم نارائن نے کہا کہ گزشتہ مرتبہ شیوراتری کے موقع پر شیوا کی مورتی کو بگاڑتے ہوئے بد امنی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ پولیس نے ملزموں کو گرفتار کیا تھا ۔ اس مرتبہ اگر کچھ اس قسم کی حرکت ہوئی تو قصور واروں کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ اگر سوشیل میڈیا پرمذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے پیغامات پوسٹ یا فارورڈ کیے جائیں گے تو اس کے خلاف پولیس کی طرف سے کڑی کارروائی کی جائے گی ۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کاویا رانی، تحصیلدرار ناگیندرا کولاشیٹی، ڈی وائی ایس پی مہیش سمیت مختلف محکمہ جات کے افسران موجود تھے ۔