بھٹکل، 15 / جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے شیرالی میں اینڈو سلفان متاثرین کے لئے طبی جانچ کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ اینڈو سلفان سے متاثرہ افراد ماہانہ وظیفہ، علاج کا خرچ جیسی تمام سرکاری سہولتوں کے مستحق ہیں ۔ کوئی بھی اس سے محروم نہیں رہنا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ اینڈو سلفان کے متاثرین کی پرورش ان کے والدین ہی کر رہے ہیں اس لئے انہیں سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے منکی میں ان متاثرین کے لئے ایک اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
صاحب وسیلہ [ریسورس پرسن] ڈاکٹر ستیش شیٹ نے اینڈو سلفان کے تعلق سے مکمل معلومات فراہم کی ۔ اس کیمپ سے 416 متاثرین نے استفادہ کیا ۔ اس موقع پر شیرالی گرام پنچایت کے صدر بھاسکر موگیر، تحصیلدار ناگیندرا کولاشیٹی، ٹی ایچ او ڈاکٹر سویتا کامت، شیرالی گرام پنچایت رکن وینکٹیش نائک وغیرہ موجود تھے ۔