ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: امسال رمضان المبارک کی آخری شب 1859 مستحق خاندانوں میں 1.20 لاکھ کلو چاول تقسیم

بھٹکل: امسال رمضان المبارک کی آخری شب 1859 مستحق خاندانوں میں 1.20 لاکھ کلو چاول تقسیم

Thu, 17 Apr 2025 19:54:20    S O News
بھٹکل: امسال رمضان المبارک کی آخری شب 1859 مستحق خاندانوں میں 1.20 لاکھ کلو چاول تقسیم

بھٹکل، 17 اپریل (ایس او نیوز) رمضان المبارک کی آخری شب، یعنی چاند رات کو، بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں فطرہ کمیٹی کی جانب سے  مجموعی طور پر ایک لاکھ بیس ہزار کلوگرام چاول 1859 مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔ اس بات کی اطلاع مرکزی فطرہ کمیٹی کے کنوینر مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے دی۔

مولانا نے بتایا کہ چاول کی اس بڑے پیمانے پر تقسیم کے لئے بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، شیرور اور اطراف میں 58 حلقے قائم کئے گئے تھے، جہاں مختلف محلوں سے جمع شدہ فطرہ کو مربوط طریقے سے مستحقین تک پہنچایا گیا۔ مولانا کے مطابق، حسب روایت بیرونِ ملک، خصوصاً خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکلی جماعتوں کی جانب سے بھی اس کارِ خیر میں بھرپور تعاون حاصل رہا اور بڑی مقدار میں چاول موصول ہوئے۔مولانا نے بتایا کہ بھٹکل کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ پڑوسی علاقوں بشمول شیرور،ہوناور وشراوتی بیلٹ اور کمٹہ و انکولہ تک فطرہ چاول تقسیم کیا گیا۔ جبکہ گزشتہ تین سالوں سے گیر سوپا، ہیرانگڈی، سڑلگی اور دیگر آس پاس کے علاقے بھی اس خدمت کے دائرے میں آچکے ہیں۔ اوسطاً ہر خاندان کو 50 کلو چاول دیا گیا، جبکہ بعض غریب اور معذور خاندانوں کو ایک کوئنٹل تک چاول فراہم کیے گئے۔ اس کے علاوہ، اس سال چوتھی مرتبہ فطرہ کے تحت ہر خاندان کو 5 کلو باسمتی چاول بھی اضافی طور پر دیے گئے۔

مولانا  نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ بھٹکل میں اجتماعی طور پر فطرہ کی تقسیم کا یہ عظیم الشان عمل گزشتہ 40 سالوں سے مسلسل جاری ہے، اور ہر سال اس میں اضافہ اور بہتری آ رہی ہے۔ اس کارِ خیر میں خلیجی ممالک میں مقیم جماعتوں، مقامی محلوں، اسپورٹس سینٹروں کے نوجوانوں، اور علماء کرام کا کلیدی کردار رہتا ہے۔

اس عظیم منصوبے کا جائزہ لینے اور اس کے مستقبل کو مزید مؤثر بنانے کے لئے فطرہ کمیٹی کی جانب سے حال ہی میں  ایک عید ملن نشست بھی منعقد کی گئی تھی، جو کہ کوسموس اسپورٹس سینٹر کے زیر اہتمام، خلیفہ جامع مسجد کے قریب محکمہ شرعیہ کے ہال میں منعقد ہوئی۔ اس میں خلیجی ممالک میں مقیم جماعتوں کے ذمہ داران، مقامی تعلیمی و سماجی اداروں کے عہدہ داران، عمائدین اور علماء کرام نے شرکت کی اور فطرہ کی تقسیم کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔


Share: