ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بینگلورو : بھاری سود پر مائکرو فائنانس کی ہراسانی - دھرمستھلا گرامین ابھیوردی سنگھا کے خلاف ریاست بھر میں درج ہوئی شکایتیں

بینگلورو : بھاری سود پر مائکرو فائنانس کی ہراسانی - دھرمستھلا گرامین ابھیوردی سنگھا کے خلاف ریاست بھر میں درج ہوئی شکایتیں

Sat, 01 Feb 2025 11:46:55  Office Staff   S.O. News Service

بینگلورو ، یکم  فروری (ایس او نیوز) مائکرو فائنانس یا چھوٹے قرضے کے نام پر سماج کے پچھڑے طبقے سے بھاری سود وصول کرنے اور قرض کی ادئیگی کے سلسلے میں ہراسانی کرنے کے خلاف 'دھرمستھلا گرامین ابھیرودی سنگھا' کے خلاف ریاست بھر میں مختلف مقامات پر پولیس اسٹیشن میں شکایتیں درج کروائی گئی ہیں اور اس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کر لیا ہے ۔
    
عام طور پر 'دھرمستھلا سنگھا' نام سے معروف دھرمستھلا کی رورل ڈیولپمنٹ پروجیکٹ اسکیم سے قرضہ لینے اور ہراسانی کا شکار ہونے والوں کی طرف سے درج کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ ریزرو بینک کی ہدایت کو نظر انداز کرتے ہوئے سنگھا کی طرف سے ہفتہ واری سود وصول کرنے، بینک پاس بک، پی آر کے بانڈ فراہم کیے گئے  سنگھا کی طرف سے بڈی یا سود کا کاروبار چلایا جا رہا ہے ۔ شکایت میں دھرمستھلا کے روحانی پیشوا ڈاکٹر ویریندرا ہیگڑے کے خلاف تفتیش کرتے ہوئے ضروری کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔ 
    
ملولی سے کانگریس ایم ایل اے نریندرا سوامی نے سنگھا پر کھلے عام الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ذریعے حد سے زیادہ بڑھی ہوئی شرح پر سود وصول کیا جاتا ہے ۔ وزیر برائے محکمہ کوآپریشن کے این راجنا نے کہا ہے کہ دھرمستھلا مائکرو فائنانس کے دائرے میں نہیں آتا ۔ معلوم ہوا ہے کہ مائکرو فائنانس کی زور زبردستی اور بڑھتی ہوئی ہراسانی پر روک لگانے تدابیر پر غور کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا کی صدارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی منعقد ہوئی ہے ۔ 
    
وزیر اعلیٰ نے مائکرو فائنانس اداروں کی ہراسانی کا شکار افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ تنگ آ کر خودکشی کا راستہ نہ اپنائیں بلکہ اس کے خلاف پولیس کے پاس شکایت درج کروائیں ۔ انہوں نے اس قسم کی غیر قانونی کارروائیوں کے خلاف کڑی کارروائی کا تیقن بھی دیتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ کی حمایت میں کھڑی ہے ۔  
    
وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ غیر قانونی مائکرو فائنانس اداروں اور ان کی زیادتیوں پر روک لگانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس ضمن میں حکومت کی طرف سے آرڈیننس تیار کیا گیا ہے اور جلد ہی اس کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ 
    
اس بیچ خبریں مل رہی ہیں کہ ہاسن، دکشن کنڑا کے کڈبا، بنٹوال، کاپو، بیلتنگڈی، منڈیا ضلع کے میلا کوٹے، چترادرگہ ضلع کے مولکالمور سمیت ریاست کے مختلف پولیس تھانوں درج کی گئی شکایتوں میں دھرمستھلا سنگھا پر آر بی آئی قوانین کی خلاف ورزی، حد سے زیادہ سود وصولی، ذہنی ٹارچر ، قرض داروں کے گھروں میں گھسنا اور دیگر قسم کی ہراسانیاں، دھمکانا، بچت رقم کے بارے میں معلومات نہ دینا، میٹر بڈی سسٹم چلانا، واپس لوٹائی گئی رقم کی رسیدیں نہ دینا، قرض دینے اور واپس لینے کے سلسلے میں مناسب دستاویزات فراہم نہ کرنا جیسے الزامات لگائے گئے ہیں ۔ 


Share: