ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنٹوال : بارش اور بجلی گرنے سے مندروں اور مکانات کو پہنچا بھاری نقصان

بنٹوال : بارش اور بجلی گرنے سے مندروں اور مکانات کو پہنچا بھاری نقصان

Sun, 17 May 2026 12:51:00    S O News
بنٹوال : بارش اور بجلی گرنے سے مندروں اور مکانات کو پہنچا بھاری نقصان

بنٹوال، 17 / مئی (ایس او نیوز) تیز ہواؤں اورکڑکتی ہوئی بجلیوں کے ساتھ ہوئی تیز بارش نے ہفتہ کی دوپہر کو بنٹوال تعلقہ کے کئی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے دو اہم مندروں اور دو رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ۔

 ذرائع سے ملی اطلاع  کے مطابق منی نالکور گاؤں کے ایلیورو میں مہاوشنو مندر پر آسمانی بجلی گر گئی جس سے تقریباً ایک کروڑ روپے کا بھاری نقصان ہوا ہے ۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام کو شدید گرج چمک کے ساتھ پیش آیا ۔ 

4:30  بجے کے قریب خطہ موسلا دھار بارش، تیز ہواؤں اور بار بار بجلی گرنے سے پورا علاقہ متاثر ہوا۔ بجلی گرنے سے مندر کے اندر واقع خاص حجرے  کے احاطے کے اوپر والی پتھر کی سلیں بکھر گئیں اور زمین پر گر گئیں ۔ چونکہ اس وقت مندر کے پجاری احاطے سے باہر تھے اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

معلوم ہوا ہے کہ اس مندر کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش صرف چار سال قبل ہوئی تھی اور حال ہی میں برہماکلش اتسوا بھی ہوا تھا ۔ آسمانی بجلی گرنے سے مندر کے اندر واقع مقدس مقام کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
    
آسمانی بجلی گرنے کا حادثہ پیش آتے ہی مندر کے سیکریٹری اور مقامی باشندے بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہوئے اور مقامی ریوینیو ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کر دیا گیا ۔

اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں کاوالامودور گاؤں کے کارینجا میں واقع  کرنگیشور مندر بھی ہفتہ کو آسمانی بجلی کی زد میں آ گیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ ایک بڑے پتھر کے ٹیلے کے اوپر واقع اس مندر پر شام 5 بجے کے قریب بجلی گری ہوگی ۔ خوش قسمتی سے اس وقت وہاں کوئی بھی موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

آسمانی بجلی مندر کے اندر حجرے پر بنی ہوئی گنبد اوپر ٹکرا گئی ۔ کس حد تک نقصان ہوا ہے اس کا ابھی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا ۔ انتظامی کمیٹی کے صدر ویریندر بی امین نے بتایا کہ اس معاملے کی اطلاع محکمہ ریونیو کو دی گئی ہے ۔
    
بجلی اور بارش کی وجہ سے مندروں کے علاوہ مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں ۔

واضح رہے کہ بنٹوال تعلقہ میں گزشتہ دو دنوں سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے ۔ ہفتہ کے روز دوپہر میں بارش کی شدت سے پہلے دن بھر ابر آلود حالات برقرار رہے ۔

ایک اور واقعہ میں کاوالپادورو گاؤں کے مادھوا برکٹے میں کویتا سیسپا پجاری کے گھر پر آسمانی بجلی گر گئی جس سے جزوی نقصان ہوا ہے مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ 
    
کادیشوایا گاؤں میں انو پجاری کا ایک اور گھر بھی آسمانی بجلی گرنے سے تباہ ہو گیا ۔

دریں اثنا، پیراجے گاؤں میں، کونکنا پاڈو میں للیتا نامی ایک رہائشی کے ٹائلوں والے مکان پر ایک بڑا درخت گر گیا جس سے گھر کو جزوی نقصان پہنچا ہے ۔ 

ریونیو ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے ان واقعات کی تصدیق کی ہے اور فی الحال پورے تعلقہ میں نقصانات کی مجموعی حد کا اندازہ لگا رہے ہیں ۔


Share: