بھٹکل 29 ڈسمبر(ایس او نیوز): ڈرائیور کی تیز رفتاری اور لاپرواہی سے رکشہ پلٹنے کے نتیجے میں 3 سالہ بچے کے سر پر شدید چوٹ آئی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ ہفتہ کے روز تعلقہ ہوناور کے اُپّنی علاقے میں جھولتے پل کے قریب قومی شاہراہ نمبر 69 پر پیش آیا۔
سرلگی کی رہائشی افریٰ ناز حکیم خان اپنے 3 سالہ بیٹے عبد الرحمان حکیم خان کے ساتھ آٹو رکشہ پر سوار اُپّنی سے سرلگی جا رہی تھیں۔ جب جھولتے پل کے قریب رکشہ اُلٹ گیا۔
حادثے میں عبد الرحمان حکیم خان (3 سال 3 مہینے) کے سر پر شدید چوٹ لگی اور اسپتال لے جانے سے پہلے ہی اس نے دم توڑ دیا۔
رکشہ ڈرائیور محمد صادق اپل خان اور بچے کی ماں افریٰ ناز حکیم خان کو معمولی زخم آئے ہیں۔ البتہ رکشہ کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
ہوناور پولیس اسٹیشن میں رکشہ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔