انکولہ ،10 / مئی (ایس او نیوز) انکولہ کے پوجگیری- تینکنگیری سرحدی علاقے میں اسٹیٹ ہائی وے سے متصل ایم ایس ای کمپلیکس کے سامنے پروین بھووی نامی رکشہ ڈرائیور پر مبینہ طور پر جان لیوا حملہ کرنے کی واردات پیش آئی ہے ۔
انکولہ بوبرواڈا کے رہائشی پروین کی طرف سے پولیس کے پاس درج کروائی گئی شکایت کے مطابق بوبرواڈا کے ہی رہنے والے پرشانت نائک اور تنیکنکیری کے رہنے والے کرن نائک نے سڑک پر اس کا رکشہ روکتے ہوئے گالی گلوچ کی ہے اور پرشانت نائک نے اپنے اسکوٹر میں رکھی ہوئی درانتی سے اس پر جان لیوا حملہ کیا ہے ۔ جو وہ اپنی جان بچا کر بھاگنے لگا تو پیچھا کرکے اس کے سیدھے ہاتھ اور پیٹھ پر درانتی سے حملہ کیا ہے ۔ اس دوران آس پاس کے لوگوں نے بیچ بچاو کرتے ہوئے اس کی جان بچائی ہے ۔
حملے کا شکار ہوئے پروین کا کہنا ہے کہ حملہ آور ملزم پرشانت نے اگلی بار اسے جان سے ہی مارنے کی دھمکی دی ہے ۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔