بھٹکل، 29 / دسمبر (ایس او نیوز) تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے آج علی الصبح کی گئی کارروائی میں مرڈیشور ساحل کے کنارے پر لگی ہوئی غیر قانونی چھوٹی دکانیں ہٹا دی گئیں ۔
بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نئینا اور تحصیلدار ناگیندرا شیٹی کی قیادت میں سی آر زیڈ قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں چھوٹی دکانیں ہٹانے کا کام انجام دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے ساحل کے کنارے پر بعض مقامی افراد نے بہت سی چھوٹی دکانیں بنائی تھیں ۔ اس کے لئے مقامی افراد نے ضلع انچارج وزیر سے درخواست کی تھی جس پر وزیر موصوف نے وہاں دکانیں لگانے کی اجازت دی تھی ۔ لیکن اب سرکاری افسران اور پولیس والوں نے ان دکانوں کو وہاں سے ہٹانے کی کارروائی انجام دی ہے ۔
خیال رہے کہ دسمبر کے مہینے میں کولار کے رہائشی اسکول کی چار طالبات مرڈیشور میں تعلیمی دورے کے موقع پر سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئیں تھیں جس کے بعد یہاں پر درپیش خطرات اور حفاظتی انتظامات کی کمی پر بحث چل پڑی تھی ۔ اس پس منظر میں تعلقہ انتظامیہ نے سیاحوں کو ساحل اور سمندر کی جانے سے روکنے کے لئے یہاں رکاوٹیں لگا دی تھیں ۔
اس کے بعد مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے سرکاری افسران ساحل سمندر پر سیاحوں کو تفریح کا راستہ کھولنے سے قبل ضروری حفاظتی انتظامات اور سیاحوں کو درپیش خطرات سے دور رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا اور اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور وہاں پر موجود غیر قانونی باکڑوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ جس پر آج صبح کے وقت عمل کیا گیا ۔
اس کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سرکاری افسران نے ٹریفک کے لئے مسئلہ بننے والی فٹ پاتھ پر بنی تین دکانوں کو ہٹانے کی بات کہی تو دکانداروں از خود وہ دکانیں وہاں سے ہٹا دیں ۔