
بھٹکل 10 / مئی (ایس او نیوز) حکومت کرناٹکا کے ڈائریکٹوریٹ آف مائناریٹیز کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق اقلیتی نوجوانوں کی پولیس سب انسپکٹر کے طور پر بھرتی کے لئے امتحان سے قبل بیلگاوی اور میسورو ریوینیو ژون میں تربیتی کیمپ منعقد کیے جائیں گے ۔
اقلیتی آفسر نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی طرف سے منعقد کیے جانے والے اس تربیتی کیمپ کی مدت 90 دن ہوگی جس میں اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان مرد و خواتین کے لئے آن لائن عرضیوں کے ذریعے شرکت کی گنجائش ہوگی ۔ معروف اداروں کی طرف سے امیدواروں کو امتحان کی تربیت دی جائے گی ۔
محکمہ پولیس میں پی ایس آئی کے عہدے کے لئے ہونے والے امتحان میں شرکت کے خواہشمند مرد و خواتین امیدواروں کو تربیتی کیمپ میں داخلے کے لئے محکمہ کے ویب سائٹ پر 10 مئی سے 23 مئی تک آن لائن درخواست دینے کی سہولت دستیاب رہے گی ۔
تربیتی کیمپ میں شرکت کے خواہشمند امیدوار کے لئے ضروری کیفیات :
1۔ امیدوار کا تعلق مسلم، عیسائی، بدھ، پارسی ، سکھ یا جین جیسے اقلیتی طبقے سے ہو اور وہ ریاست کرناٹکا کا مستقل رہائشی ہو ۔
2۔ ایسے امیدوار کے لئے مقررہ فارم پر ذات اور آمدنی کی سرٹیفکیٹ پیش کرنی ہوگی ۔
3۔ امیدوار کی عمر 20 سال سے 30 سال کے درمیان ہو ۔
4۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ سے قبل تک یو جی سی سے منظور شدہ کسی بھی تعلیمی ادارے سے ڈگری یافتہ ہو ۔
5۔ مرد امیدوار کا قد کم از کم 168 سینٹی میٹراور خاتون امیدوار کے لئے 157 سینٹی میٹر ہونا ضروری ہے ۔ جبکہ کم از کم وزن مردوں کے لئے 50 کلو گرام اور خواتین کے لئے 45 کلو گرام ہونا چاہیے ۔
6۔ مردوں کے لئے سینے کی چوڑائی 76 سینٹی میٹر ہونا چاہیے ۔
7۔ تربیتی کیمپ میں شرکت کے لئے امیدواروں کا انتخاب ڈگری کے امتحان میں حاصل کردہ نمبرات کے تحت میرٹ کی بنیاد پر ہوگا
8۔ آن لائن عرضی دینے کے لئے ویب سائٹس :
https://sevasindhu.karnataka.gov.in
https://dom.karnataka.gov.in
نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ درخواست داخل کرنے والے امیدواروں کے لئے تمام معلومات وقتاً فوقتاً محکمہ کے ویب سائٹ پر ہی فراہم کی جائیں گی ۔ اس ضمن میں امیدواروں سے کوئی تحریری رابطہ نہیں کیا جائے گا ۔ محکمہ کے ویب سائٹ پر پیش کی جانے والی معلومات ہی قطعی اور آخری ہوں گی ۔
مزید معلومات کے لئے فون نمبر 8277799990 سے رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے ۔