
بھٹکل،22 / اپریل (ایس او نیوز) ادارہ ادب اسلامی ہند بھٹکل اور محفل شعر و ادب کے اشتراک سے ایک شاندار ادبی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ادب اسلامی کے نمائندہ شاعر جناب سید اشرف برماور مرحوم کے شعری مجموعہ "حرفِ اشرف" کی رسمِ اجرا کے علاوہ کرناٹکا اردو اکیڈیمی کے یارڈ یافتہ بھٹکل کے نامور شاعر جناب ڈاکٹر محمد حنیف شباب کی تہنیت کے ساتھ ایک خوبصورت محفل مشاعرہ بھی سجائی گئی ۔
اس ادبی تقریب کا نثری حصہ جناب قادر میراں پٹیل صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں بطور مہمانان خصوصی سابق صدر تنظیم جناب سید محی الدین برمار اور مولانا علی میاں اور اکیڈیمی و علی پبلک اسکول کے ذمہ دار معروف عالم دین مولانا محمد الیاس فقی احمدا ندوی نے شرکت کی ۔ جناب مولوی سید سالک ندوی نے نظامت کی ذمہ داری نبھائی ۔
سید اشرف برماور کی شاعری، شخصیت اور ادبی و سماجی خدمات کے حوالے سے جناب پروفیسر عبدالروف ساونور، جناب قادر میراں پٹیل اور جناب سید محی الدین برماور نے اظہار خیال کیا ۔ اس کے علاوہ سید اشرف برماور کی صاحبزادی کی تحریر سید ریان ابن اشرف برماور نے پڑھ کر سنائی ۔ "حرفِ اشرف" کے مرتب ڈاکٹر محمد حنیف شباب نے اپنے تاثرات پیش کیے ۔ اسی کے ساتھ جناب سید محی الدین برماور کے ہاتھوں کتاب کا اجراع عمل میں آیا ۔
نثری حصے کے دوسرے مرحلے میں مہمان خصوصی جناب مولانا محمد الیاس فقی احمدا ندوی کے ہاتھوں ادارہ ادب اسلامی اور محفل شعر و ادب کی جانب سے کرناٹکا اردو اکیڈیمی سے مجموعی ادبی خدمات کے لئے خصوصی ایوارڈ پانے والے نامور شاعر، ادیب و صحافی ڈاکٹر محمد حنیف شباب کی تہنیت کی گئی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد حنیف شباب کی شال پوشی کرتے ہوئے انہیں گلدستہ اور سپاس نامہ پیش کیا گیا ۔ مولانا محمد الیاس ندوی صاحب نے سید اشرف برماور کی شخصیت اور ان کی شاعری کے اہم نکات پر روشنی ڈالنے کے ساتھ صاحبِ اعزاز ڈاکٹر محمد حنیف شباب کی ہمہ جہتی خدمات اور ان کی زندگی کے اہم گوشوں پر بڑے مفصل اور مبسوط انداز میں روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر صاحب کی شخصیت اور ان کی سماجی، ملی اور ادبی خدمات کا دائرہ اتنا وسیع ہے کہ ان کے لئے شہر کے تمام اہم اداروں کی طرف سے بڑے پیمانے پر ایک تہنیتی اجلاس منعقد کیا جانا چاہیے ۔
بعد ازاں شہر کے معتبر اور سینئر شاعر جناب اقبال سعیدی صاحب کی صدارت میں محفل مشاعرہ منعقد ہوئی ، جس کی نظامت کی ذمہ داری ڈاکٹر محمد حنیف شباب نے ادا کی ۔
مہمان شاعر جناب ابراہیم نفیس [بینگلورو] اور کوکب ذکی [حیدر آباد] کے علاوہ مقامی شعرا جناب عبدالعلیم شاہین، جنبا سید سالک برماور ندوی، جناب انیس بھٹکلی، جناب ڈاکٹر اسد کرناٹکی، جناب رائف کولا فاتح، جناب شقران غازی، جناب ڈاکٹر محمد حنیف شباب وغیرہ نے اپنے کلام سے سامعین کو محفوظ کیا ۔
قاری محمد احمد رکن الدین کی تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی اس تقریب کے دوران خوش نوا محمد حیان ایس ایم نے سید اشرف برماور کی نعت اور حافظ عبدالہادی ابن مولانا عرفان ایس نے غزل بے حد خوش الحانی سے پیش کی جبکہ جناب سید محی الدین برماور نے اشرف مرحوم کا کلام تحت اللفظ میں پیش کیا ۔ شقران غازی کے شکریہ پر یہ محفل اختتام پزیر ہوئی ۔