ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دکشن کنڑا، اڈپی میں قائم ہوگی 'فرقہ واریت مخالف ٹاسک فورس' - وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کا بیان

دکشن کنڑا، اڈپی میں قائم ہوگی 'فرقہ واریت مخالف ٹاسک فورس' - وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کا بیان

Sun, 04 May 2025 19:40:42    S O News
دکشن کنڑا، اڈپی میں قائم ہوگی  'فرقہ واریت مخالف ٹاسک فورس' - وزیر داخلہ ڈاکٹر پرمیشور کا بیان

منگلورو 4 / مئی (ایس او نیوز)  دکشن کنڑا ضلع میں حالیہ فرقہ وارانہ کشیدگی  کے تعلق سے جائزہ لینے کے بعد ریاست کے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشورانے  اعلان کیا کہ  دکشن کنڑا اور اڈپی ضلع کے لیے ایک انسداد فرقہ وارانہ ٹاسک فورس کی تشکیل دی جائے گی تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور فرقہ وارانہ منافرت اور تشدد  کے واقعات پر روک لگائی جا سکے ۔ 
    
وزیر داخلہ نے کہا "اس ٹاسک فورس کو اینٹی نکسل فورس کی طرز پر بنایا جائے گا، اور یہ ایک ہفتے کے اندر قائم ہو جائے گی ۔ اس ٹاسک فورس کو فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد بشمول سازش کرنے والوں اور معاونین کے خلاف کارروائی کے لیے مکمل قانونی اختیارات دیے جائیں گے ۔"
    
انہوں نے مزید بتایا کہ افسران کو پہلے ہی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اشتعال انگیز تقریریں کرنے والے یا اشتعال انگیز بیانات دینے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں ۔ ہم ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔" 
    
ڈاکٹر پرمیشور نے فرقہ وارانہ طور پر حساس ساحلی علاقے میں امن اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ  کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پوری طرح چوکس ہے اور امن اور ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والی کسی بھی فرقہ پرست طاقت کے خلاف تیزی سے کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔"
    
انہوں نے کہا کہ ہمارا اولین مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اس خطے میں امن و امان بحال رہے اور سب آپس میں مل جل کر زندگی گزار سکیں ۔ ہم ایسے کسی بھی فرقہ وارانہ واقعات کی تکرار کو روکنے کے لیے پرعزم ہیں۔"  


Share: