ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل ؛ شمس کے ہونہار طلبہ و طالبات کو نجم اخوان گولڈ میڈلس؛ لڑکوں میں محمد اذہان بن عبدالعزیز قادری اورلڑکیوں میں فائحہ بنت فیاض احمد سدی باپا نے حاصل کیا ایوارڈ

بھٹکل ؛ شمس کے ہونہار طلبہ و طالبات کو نجم اخوان گولڈ میڈلس؛ لڑکوں میں محمد اذہان بن عبدالعزیز قادری اورلڑکیوں میں فائحہ بنت فیاض احمد سدی باپا نے حاصل کیا ایوارڈ

Thu, 16 Jan 2025 12:03:33  Office Staff   S.O. News Service
بھٹکل ؛ شمس کے ہونہار طلبہ و طالبات کو نجم اخوان گولڈ میڈلس؛ لڑکوں میں محمد اذہان بن عبدالعزیز قادری  اورلڑکیوں میں  فائحہ بنت فیاض احمد سدی باپا نے حاصل کیا ایوارڈ

بھٹکل، 19 جنوری (ایس او نیوز): تربیت ایجوکیشن سوسائٹی بھٹکل کے تحت چلنے والے مشہور و معروف تعلیمی ادارے نیو شمس اسکول (ICSE) کے نمایاں طلبہ و طالبات کو اسکول کے سب سے بڑے اعزاز 'نجم اخوان' سے نوازا گیا۔ اس سال لڑکوں میں محمد اذہان بن عبدالعزیز قادری اور لڑکیوں میں فائحہ بنت فیاض احمد سدی باپا کو اس گولڈ میڈل کا حق دار قرار دیا گیا۔ یہ اعزاز ہر سال ان طلبہ و طالبات کو دیا جاتا ہے جو آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت میں بہترین تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اسکول کی دیگر سرگرمیوں میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی ہوں۔

8 جنوری 2025ء، بروز بدھ: نیو شمس اسکول کے سالانہ اجلاس کے موقع پر منعقدہ پُروقار تقریب میں طلبہ و طالبات کو یہ تعلیمی ایوارڈ پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں بچوں کے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ایوارڈ دیے جانے کے لمحات کو نہایت جوش و خروش کے ساتھ دیکھا۔

صبح 10 بجے منعقدہ پہلی نشست  میں  مہمانِ خصوصی کے طور پرمولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی (قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل) موجود تھے جنہوں  نے  اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ایک ایسی امت ہیں جسے سب سے پہلا حکم تعلیم کا دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے سیدنا آدمؑ کو علم کی وجہ سے برتری عطا کی۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ یہی وقت ہے محنت کا۔ اساتذہ کے درس کو توجہ سے سنیں اور گھر جا کر اسباق کا اعادہ کریں تاکہ امتحانات کے وقت آسانی ہو۔مولانا نے مزید کہا کہ معلمین کا ادب کرنا ضروری ہے، کیونکہ جو جتنا ادب کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے اتنا ہی نوازتا ہے۔ دین کی تعلیمات کو محض معلومات تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں عملی زندگی میں شامل کریں تاکہ ہمارے اعمال سے دوسروں پر اچھا اثر پڑے۔

 دوسرے مہمان  جناب صادق پلور (نائب صدر انجمن حامئی مسلمین بھٹکل) نے اپنی تقریر میں اس ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا  یہ ادارہ 1971ء میں اس وقت قائم ہوا تھا جب ہمارے  علاقے میں کانونیٹ مشنری اسکول قائم کیا گیا ہے اس وقت قوم کے درد مند اور حساس لوگوں کے چھوٹے سے  قافلہ نے ہمارے نونہالوں کو یہود ونصاری کے گود میں جانے سے روکنے کے لیے اسلامی نہج پر یہ ادارہ قائم کیا  تھا ۔الحمد للہ یہ ادارہ اپنے مقصد میں کامیاب ہے۔

جناب قادر میراں پٹیل کی صدارت میں پروگرام کا آغاز ایس حیان کی تلاوت سے ہوا ، نعت ثمین اینڈ گروپ نے خوبصورت انداز میں پیش کرکے دلوں کو مسحور کیا ۔ افتتاحی واستقبالیہ کلمات ضیاء الرحمن رکن الدین نے ادا کئے ، نظامت کی ذمہ داری سید وصاف اور سمن نے بحسن خوبی نبھائی ،استاد جناب عبد اللہ ربیع خلیفہ نے کلمات تشکر ادا کیا ۔ شمسی ترانہ اسکول کے ننھے منے طلباء نے بہت ہی خوبصورت اور دلکش انداز میں پیش کیا ۔اور دعائیہ کلمات کے ساتھ پہلی نشست اختتام کو پہنچی ۔    پرنسپل  لیاقت علی، سینئر استاد رضا مانوی،   شاہد کھروری  و کئی دیگر اساتذہ موجود تھے۔ جناب محمد انظف (المومنی) نے بھی تقریب سے مختصر خطاب کیا اور اپنے اساتذہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے طلبہ کو مزید محنت کرنے کی تلقین کی۔

تقریب کے دوران اساتذہ اور عملے کو بھی ان کی بہترین خدمات کے اعتراف میں مختلف اعزازات دیے گئے۔ اسکول کی سالانہ کارکردگی ویڈیو کی شکل میں دکھائی گئی۔

دوسری نشست دوپہر ٹھیک دو بجے شروع ہوئی جس میں چوتھی جماعت کے طلباء وطالبات کے ایکشن سانگ ہوئے ۔اسی طرح رات کی نشست میں ڈرامہ ، قوالی ، مزاحیہ پروگرامس ، گیت اور خوبصورت ڈرامہ اور اسلامی ترانہ کے ساتھ ایکشن سانگ پیرامیڈ وغیرہ پیش کیا گیا ۔شہر کے معززین و کثیر تعداد میں عوام  اس پروگرام میں شریک تھے ۔


Share: