ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ : سروس روڈ تعمیر نہ ہونے پر گاوں والوں نے کیا پُل کا راستہ بند

انکولہ : سروس روڈ تعمیر نہ ہونے پر گاوں والوں نے کیا پُل کا راستہ بند

Tue, 29 Apr 2025 20:36:53    S O News
انکولہ : سروس روڈ  تعمیر نہ ہونے پر گاوں والوں نے کیا پُل کا راستہ بند

انکولہ ، 29/ اپریل (ایس او نیوز) محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے  سروس روڈ تعمیر نہ کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گاوں والوں نے منجوگونی - گنگاولی پُل کا راستہ ٹریفک کے لئے بند کر دیا ۔
    
  ذرائع سے ملی اطلاع  کے مطابق ہونے بیل گرام پنچایت سے تعلق رکھنے والے گاوں والوں نے حال ہی میں تعمیر کیے گئے منجوگونی - گنگاولی پُل پر جیلّی اور مٹی کا ڈھیر ڈال کر ٹریفک کے لئے رستہ بند کر دیا اور منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ پُل پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے ۔
    
احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ ہونے بیل گرام والوں کے لئے  سروس روڈ نہ ہونے کی وجہ سے بڑی مشکلات کا سامنا ہے ۔ عوام کی طرف سے شکایات اور مطالبات کے باوجود محکمہ پی ڈبلیو ڈی اور دیگر محکمہ جات اس مسئلے کو حل کرنے کی طرف بالکل توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔
    
احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک گاوں والوں کے لئے سروس روڈ تعمیر نہیں کیا جائے گا تب تک وہ پل پر سے رکاوٹ نہیں ہٹائیں گے ۔ موقع پر پہنچے محکمہ ایندھن کے ایڈیشنل سیکریٹری پرشانت کمار نے احتجاجی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں انکولہ تعلقہ کا انچارج ہوں ۔ یہ معاملہ اب تک میرے علم میں نہیں آیا تھا ۔ جب گاوں میں  800 مکانات موجود ہیں تو وہاں کے لئے سروس روڈ تعمیر  کروانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ضلع ڈپٹی کمشنر اور دوسرے متعلقہ افسران سے اس سلسلے میں بات چیت کرکے مسئلہ حل کر دیا جائے گا ۔  
    
پُل کی دوسری جانب بسنے والے افراد نے اس طرح پُل پر رکاوٹوں  کے ساتھ احتجاج کرنے پر ناراضی جتائی اور کہا کہ ہمیں اپنے گاوں تک پہنچنے کے لئے یہ پُل انتہائی ضروری ہے ۔ ہماری آمد و رفت کا راستہ روکنا درست نہیں ہے ۔ ہمارے یہاں بھی سروس روڈ نہیں ہے ۔ مگر ہم نے پُل پر آمد و رفت روکنے جیسا کام نہیں کیا ہے ۔ ہونے بیل گاوں کے لئے سروس روڈ بھی ضروری ہے لیکن اس کے لئے دوسروں کو تکلیف پہنچانے والا احتجاج کرنا صحیح نہیں ہے ۔ سروس روڈ کے لئے احتجاج کے دوسرے راستے بھی اختیار کیے جا سکتے ہیں اور ایسا کرنے پر ہم لوگ  احتجاج میں ان لوگوں کا ساتھ بھی دے سکتے ہیں ۔ 


Share: