ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: نیشنل ہائی وے کا کام دو جگہوں پر التوا میں پڑے رہنے کے درمیان ایس پی ایم نارائن نے تعطل شدہ ہائی وے کام کا لیا جائزہ

بھٹکل: نیشنل ہائی وے کا کام دو جگہوں پر التوا میں پڑے رہنے کے درمیان ایس پی ایم نارائن نے تعطل شدہ ہائی وے کام کا لیا جائزہ

Thu, 13 Feb 2025 08:38:20    S O News
بھٹکل: نیشنل ہائی وے کا کام دو جگہوں پر التوا میں پڑے رہنے کے درمیان ایس پی ایم نارائن نے تعطل شدہ ہائی وے کام کا لیا جائزہ

بھٹکل، 12 فروری (ایس او نیوز): کائیکنی بستی اور موڈ بھٹکل میں عوامی احتجاج کی وجہ سے نیشنل ہائی وےکا تعمیری کام طویل عرصے سے رکا ہوا ہے۔ اس صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اترکنڑا ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) مسٹر ایم نارائن بھٹکل پہنچے۔ انہوں نے دونوں علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ ہائی وے کے کام میں تعطل کی وجہ سے سڑک حادثات میں اضافہ ہورہا ہے، اس لیے اس کام کی تکمیل ضروری ہے۔

نیشنل ہائی وے پروجیکٹ ڈائریکٹر شیو کمار، ہائی وے کنٹریکٹرکمپنی آئی آر بی کے نمائندے، بھٹکل ڈی وائی ایس پی مہیش ایم کے، سرکل پولیس انسپکٹرز گوپی کرشنا اور چندن گوپال سمیت دیگر پولیس افسران کے ہمراہ ایس پی نارائن نے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا اور عوام سے بھی گفتگو کی۔

اطلاعات کے مطابق، نیشنل ہائی وے کے کام میں پیدا شدہ رُکاوٹوں کودور کرنے محکمہ پولیس کو ہدایات دی گئی ہیں اور پولس کی طرف سے تحفظ فراہم کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے کے کام کو آگے بڑھانے کے لئے ہرممکن سیکوریٹی کا بندوبست کرنے کہا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایس پی ایم نارائن نے کاروار سے بھٹکل پہنچ کرتمام ہائی وے کاموں کا جائزہ لیا ہے۔

واضح رہے کہ فور لین ہائی وے کی تعمیر کائیکنی بستی اور موڈ بھٹکل بائی پاس کے قریب عوامی احتجاج کی وجہ سے روک دی گئی ہے۔ مقامی افراد کا مطالبہ ہے کہ پہلے انڈر پاس تعمیر کیا جائے تاکہ وہ آسانی سے ہائی وے کو عبور کر سکیں۔ کائیکنی بستی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں اترکوپا جانے کے لیے ہائی وے پار کرنا پڑتا ہے، جبکہ موڈ بھٹکل اور مٹھلی کے عوام کو بھی اسی طرح کی مشکلات درپیش ہیں۔ ان کا خدشہ ہے کہ فور لین ہائی وے کی تعمیر کے بعد گاڑیوں کی تیز رفتاری کے باعث سڑک عبور کرنا مزید مشکل ہوجائے گا۔ تاہم، بارہا مطالبات کے باوجود کنٹریکٹر کمپنی انڈر پاس کی تعمیر پر آمادہ نہیں ہے۔

ایس پی نارائن کی بھٹکل آمد پر موڈ بھٹکل اور مٹھلی کے عوام نے ان سے ملاقات کی اور اپنی پریشانیوں سے آگاہ کیا۔ ایس پی نارائن نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور دوستانہ ماحول میں بات چیت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہائی وے کا کام ہر حال میں جاری رہے گا اور عوامی مسائل کو بعد میں حل کیا جائے گا۔ تاہم، ہائی وے کے کام کو روکنا کسی بھی صورت ممکن نہیں ہے۔

متعلقہ علاقوں کا جائزہ لینے کے بعد ایس پی نارائن اور ان کی ٹیم پڑوسی تعلقہ ہوناور کے کاسرکوڈ کی طرف روانہ ہوگئی. جہاں بندرگاہ کی تعمیر کے لئے بھی عوام کی طرف سے رُکاوٹوں کا سامنا ہے۔

For mor photos, click here


Share: