میسورو، 13/ فروری (ایس او نیوز)ادئے گری میں پیش آئے پتھراؤ کے واقعے میں سی سی بی پولیس نے بدھ کے روز 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار کیے گئے نوجوانوں کی شناخت سہیل راحل، ایان، سید صادق، صہیب پاشاہ، ارباز شریف اور اعجاز کے طور پر کی گئی ہے۔
سی سی بی پولیس اس معاملے کی تفتیش کے دوران 15 افراد کو تحویل میں لے کر پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، پولیس نے پتھراؤ میں ملوث 60 افراد کی نشاندہی بھی کر لی ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔
ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے جال بچھا دیا ہے۔ تھانے کے سامنے اور مین روڈ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے، تاکہ پتہ لگایا جا سکے کہ ادئے گری پولیس تھانے پر پتھراؤ میں کون ملوث تھا۔ سی سی بی کی ٹیکنیکل ٹیم جائے واردات کے قریب موجود موبائل نمبروں کا تجزیہ کر رہی ہے تاکہ ٹاور لوکیشن کے ذریعے ملزمان کی شناخت کی جا سکے۔ اس کے علاوہ، پولیس نے اپنی باڈی کیمروں کے مناظر کی مدد سے بھی مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔
پتھراؤ کے واقعے کے دوران پولیس تھانے کے سامنے واقع مادھور پور روڈ پر ہزاروں افراد کا ہجوم جمع ہو گیا تھا۔ اسی دوران کچھ شرپسند عناصر نے پولیس تھانے پر پتھراؤ کیا۔ واقعے کے پیش نظر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔