ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 26؍ فروری کو ریاستی کانگریس رابطہ کمیٹی کا اجلاس،برگشتگی اور دیگر امور پر تفصیلی بحث ہوگی

26؍ فروری کو ریاستی کانگریس رابطہ کمیٹی کا اجلاس،برگشتگی اور دیگر امور پر تفصیلی بحث ہوگی

Thu, 23 Feb 2017 11:29:07    S.O. News Service

بنگلورو،22؍فروری(ایس او نیوز) ریاستی کانگریس میں داخلی انتشار اور سینئر لیڈروں کے پارٹی کو خیر باد کہنے کے سلسلے کو دیکھتے ہوئے مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال کرنے اور کانگریس کی حکمت عملی کو راہ راست پر لانے کے مقصد سے 26؍ فروری کو کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کی رابطہ کمیٹی کی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا ، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ اور کوآرڈینیشن کمیشن کے دیگر ممبران بشمول کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے ، سابق مرکزی وزیر ایم وی راج شیکھرن ، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور وغیرہ میٹنگ میں موجود رہیں گے۔ سابق وزیر مالگذاری وی سرینواس پرساد کے پارٹی سے استعفیٰ اور بی جے پی میں شمولیت اس کے بعد سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشنا کی طرف سے پارٹی کی بنیادی رکنیت ترک کرنے کا فیصلہ اور بی جے پی کی طرف جھکاؤ ،سابق وزیر کمار بنگارپا کی بی جے پی میں شمولیت پر آمادگی وغیرہ پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ریاست کے سینئر کانگریس لیڈران سی کے جعفر شریف ،جناردھن پجاری ، ایچ وشواناتھ ، جئے پرکاش ہیگڈے وغیرہ کو نظر انداز کئے جانے کی شکایات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ جناردھن پجاری اور ایچ وشواناتھ نے کھلے عام وزیراعلیٰ سدرامیا پر نکتہ چینی شروع کردی ہے۔اس سلسلے میں رابطہ کمیٹی میٹنگ میں جائزہ لیا جائے گا۔ بنیادی کانگریسیوں اور باہر کے کانگریسیوں کی بنیاد پر جو فرق پیدا ہوا ہے پارٹی میں اسے مٹانے اور متحد ہوکر اگلے انتخابات کا سامنا کرنے پر میٹنگ میں زور دیا جائے گا۔


Share: