برسلزیکم جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگیرینی نے استنبول میں خونریز حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی ہمدردیاں ہلاک شدگان اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے استنبول حملے کو سن2017 کا افسوسناک آغاز قرار دیا ہے۔ اسی طرح امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے بھی اس حملے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ حملہ معصوم افراد پر کیا گیا، جو ایک ظالمانہ فعل ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما ہوائی میں تعطیلات گزارنے گئے ہوئے ہیں اور اُنہیں اس حملے کی اطلاع امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے دی۔ ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلُو کے مطابق حملے کے بعد فرار ہو جانے والے حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔