ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یورپی روبوٹ مریخ پر اترنے کے لیے تیار

یورپی روبوٹ مریخ پر اترنے کے لیے تیار

Wed, 19 Oct 2016 16:57:02    S.O. News Service

واشنگٹن،19اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یورپی خلائی ادارہ (ای ایس اے)اپنا تحقیقاتی خلائی روبوٹ مریخ پر اتارنے کے لیے تیار ہے۔ای ایس اے کا ’’سکیاپریلی‘‘ نامی روبوٹ زمین سے 50کروڑ کلومیٹر کے سفر کے بعد آنے والے چند گھنٹوں میں مریخ کی سرزمین پرقدم رکھنے والا ہے۔مریخ پر اترنا خطرناک عمل ہے لیکن اسے آنے والے چار برسوں میں ای ایس اے کی بہت قیمتی تحقیقاتی گاڑی بھیجنے کی تیاری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔6 پہیوں والا یہ روبوٹ مریخ کی سطح میں سوراخ کر کے وہاں زندگی کے آثار کا کھوج لگائے گا۔چھوٹے روبوٹ کو مریخ کی سطح پر اتارنا قدرے آسان کام ہونا چاہیے لیکن سائنسی ریکارڈ بتاتے ہیں کہ مریخ کوئی بہت مہمان نواز سیارہ نہیں ہے اور وہاں انتہائی جدید اور پیچیدہ روبوٹوں کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔زمین کے قریبی پڑوسی پر روانہ کیے جانے والے بیشتر مشن ناکام رہے ہیں۔ بہت سے اپنے ہدف سے بھٹک گئے جبکہ بعض سرخ سیارے کی سطح سے ٹکرا کر چور چور ہو گئے۔یورپ خلائی ادارے کے لیے سکیاپریلی کی کامیابی گذشتہ مشن کی ناکامی کا ازالہ کر سکتی ہے۔ اس سے قبل سن 2003میں ’’بیگل2‘‘مریخ پر اتر تو گیا تھا لیکن اس کے فوراً بعد ہی اسے تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سکیاپریلی سے بہتر کارکردگی کی توقعات ہیں۔ یہ وہاں اترنے کے لیے اور اپنی رفتار کو 21ہزار کلومیٹر فی گھنٹے سے صفر پر لانے کے لیے بہت سے راکٹوں اور پیراشوٹ کا استعمال کرے گا۔600کلو وزن کے اس روبوٹ کے لیے آخری دو میٹر اہم ہیں جس کے دوران وہ سطحِ مریخ پر اپنے پیٹ کے بل گرے گا۔اترنے کے دوران ای ایس اے تحقیقاتی گاڑی یو ایچ ایف سگنل نشر کرے گی جسے ایک انڈین ریڈیو دوربین سے وصول کر کے اسے جرمنی میں اس کے کنٹرولرز تک بھیج دیا جائے گا۔

روبوٹ مریخ پر گرینچ مین ٹائم کے مطابق دوپہر دو بج کر 58منٹ پر اترے گا۔ اترنے کے بعد بھی اگر سکیاپریلی کی آواز آتی رہے تو یہ سمجھا جائے گا کہ اٹلی کا تیارہ کردہ یہ روبوٹ مریخ کی سطح پر سلامتی کے ساتھ اتر چکا ہے۔ای ایس اے کے سینئر مشیر مارک مک کاگرین نے کہا کہ ہر کوئی مسکرا رہا ہے اور پرامید ہے لیکن آپ ان کے چہروں پر دباؤ بھی دیکھ سکتے ہیں۔لیکن میرے خیال میں جب ہم اس کی فضا سے گزریں گے تو ان چھ منٹوں میں بہت ضبط کی ضرورت ہو گی۔


Share: