ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / کرکٹ کھیلتے ہوئے بھٹکل کے نوجوان کا دبئی میں اچانک انتقال

کرکٹ کھیلتے ہوئے بھٹکل کے نوجوان کا دبئی میں اچانک انتقال

Mon, 15 Jun 2026 00:30:00    S O News

بھٹکل، 14 جون (ایس او نیوز): دبئی میں کرکٹ کھیلنے کے دوران بھٹکل کے ایک نوجوان کے اچانک انتقال کی خبر سے نہ صرف متحدہ عرب امارات میں مقیم بھٹکل اور اطراف کے باشندوں میں غم کی لہر دوڑ گئی بلکہ بھٹکل میں بھی نوجوانوں اور مرحوم کے چاہنے والوں میں سوگ کی فضا چھا گئی۔safwan-shanu-bhatkal

مرحوم کی شناخت بھٹکل کے آزاد نگر کے رہائشی اور نوائط کالونی کے معروف سماجی ادارے وائی ایم ایس اے (YMSA) کے فعال رکن محمد صفوان شانو (38) کے طور پر ہوئی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق دبئی میں اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کے موقع پرصفوان شانو اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت ناساز ہوگئی۔ وہ میدان میں ہی بیٹھ گئے جس پرساتھی فوراً ان کی مدد کے لیے پہنچے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے ہی میں داعیٔ اجل کو لبیک کہہ گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحوم اپنے پسماندگان میں اہلیہ، چار ماہ کی ایک شیر خوار بچی اور تین کمسن بیٹوں سمیت چار بچوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل میں موجود والدین دبئی روانہ ہوگئے۔

بتایا جاتا ہے کہ صفوان شانو نے تقریباً گیارہ سال تک نجی کمپنی نُہیٰ جنرل ٹریڈنگ میں خدمات انجام دینے کے بعد قریب چار سال قبل اپنا ذاتی کاروبار شروع کیا تھا۔ وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ دبئی ہی میں مقیم تھے، جبکہ تقریباً ایک سال قبل بھٹکل آکر والدین، بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں سے ملاقات کر کے واپس گئے تھے۔

صفوان شانو اپنی خوش مزاجی، ملنساری اور عمدہ اخلاق کی وجہ سے دوستوں اور احباب میں بے حد مقبول تھے۔ وہ ایک اچھے کرکٹ کھلاڑی بھی تھے، اسی لیے نوجوانوں میں ان کی خاص پہچان تھی۔ ان کی اچانک رحلت نے بالخصوص نوجوان طبقے کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

ادھر دبئی میں صفوان شانو کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی دوست احباب اور بھٹکل سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد اسپتال پہنچ گئے، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت، بلندیٔ درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر نُہیٰ جنرل ٹریڈنگ کے ڈائرکٹر اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل عتیق الرحمن منیری نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نہایت خوش اخلاق، خوش مزاج، دیانت دار اور اعلیٰ کردار کے حامل انسان تھے، جن کی اچانک رحلت سے دوستوں اور جاننے والوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔

دبئی میں موجود بی ایم جے (BMJ) کے ذمہ داران اور رضاکار مرحوم کی میت سے متعلق قانونی اور ضروری کاغذی کارروائیاں مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد مرحوم کی تدفین دبئی ہی میں عمل میں لائی جائے گی۔

Click here for report in English


Share: