کاروار 25/جنوری (ایس او نیوز) ایک اسرائیلی شہری کوجو کہ ضلع شمالی کینر ا کے یلاپور میں ہوئے حادثے کا ملزم ہے، اسرائیل کی طر ف فرار ہوتے وقت دہلی ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یلاپور کے سرکل انسپکٹر وجئے برادر نے بتایا کہ اسرائیل میں تل ابیب کا شہری اوریا شلومو (۴۲سال) اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ 18جنوری کو انکولہ سے ہبلی کی طرف رویل اینفیلڈ موٹر بائک پر سفر کررہا تھا۔یلاپور تعلقہ کے اریبیل علاقے میں اس نے ایک دوسری موٹر بائک کوٹکر ماردی جو کہ یلاپور سے انکولہ کی طرف جارہی تھی۔ اس حادثے میں دوسری بائک کا سوار منی گووند کونبی شدید زخمی ہوگیا اور اسے ہبلی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیاگیا۔ اوریا شلومو کو معمولی چوٹیں آئی تھیں اور اسے بھی اسپتال میں داخل کیا گیا۔ 20جنوری کو زخمی گووند کی موت واقع ہوگئی۔ یہ دیکھ کر اوریا اسپتال سے فرار ہوکر گوا پہنچ گیا۔اوروہاں سے دہلی جاکر اپنے ملک فرار ہونے کی تیاری میں تھا۔ لیکن چونکہ یلاپور پولیس نے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو اوریا شلوموکی تفصیلات اور تصویر بھیج کر الرٹ جاری کردیا تھا، اس لئے دہلی ایئر پورٹ کے افسران نے اس کو وہاں روک لیا اور یلاپور پولیس کو اس کی اطلاع دے دی۔
یلاپور پی ایس آئی سریدھر اور ہیڈکانسٹیبل ناگپا کی ٹیم نے دہلی پہنچ کر شلومو اوریا کو گرفتار کرلیا اور اسے پیر کے دن دہلی سے یلاپور لایا گیا۔یہاں عدالت میں پیشی کے بعد اسے 4فروری تک کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔