بنگلورو:5/مئی(ایس او نیوز) سابق مرکزی وزیر اور چکبالاپور کے رکن پارلیمان ایم ویرپا موئیلی نے کہا ہے کہ یتنا ہولے پراجکٹ سے شہر کے ہسر گٹہ تالاب کو ایک ٹی ایم سی فیٹ پانی مہیا کرایا جائے گا، جس سے اس علاقہ کے کسانوں کو کافی فائدہ ہونے کی توقع ہے۔ آج یلہنکا کے متوگدہلی میں ملک کوآپریٹیو سوسائٹی کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ 14ہزار کروڑ روپیوں کی لاگت پر یتنا ہولے پراجکٹ کا کام جاری ہے، اس میں سے تین ہزار کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں، کام کافی تیزی سے جاری ہے، رواں سال کے بجٹ میں حکومت نے چار ہزار کروڑ روپے مہیا کرائے ہیں، مزید رقم فراہم کرنے کی گذارش پر وزیر اعلیٰ سدرامیا نے عمل پیرائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چکبالاپور حلقہ میں 9 ندیاں آتی ہیں، لیکن خشک سالی کے سبب ان میں سے ایک میں بھی پانی نہیں ہے۔ یتنا ہولے پراجکٹ کے ذریعہ ان ندیوں میں پانی بہایا جائے گا،اور کسانوں کو کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ دودھ اور اس کی مصنوعات کی پیداوار کے میدان میں گجرات کے بعد کرناٹک سر فہرست ہے۔ اس کیلئے وزیر اعلیٰ سدرامیا کی ترقی پرور پالیسیاں ذمہ دار ہیں۔ ریاستی حکومت گوالوں کو فی لیٹر دودھ پر پانچ روپے ترغیبی قیمت ادا کررہی ہے، جس سے کسانوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مددملی ہے۔ اس موقع پر رکن کونسل ایم نارائن سوامی اور مقامی کانگریس لیڈران، یلہنکا بلاک کانگریس صدر اور بنگلور رورل وقف مشاورتی کمیٹی چیرمین ایس بی باشاہ اور دیگر لیڈران موجود تھے۔