وڑودرا،26دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کے محدود اوورز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی نگرانی میں کھیل رہی جھارکھنڈ کی ٹیم نے آج یہاں اسپنروں کی شاندار کارکردگی کے بعد نوجوان بلے باز اشان کشن کی نصف سنچری کے دم پر ہریانہ کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر پہلی بار رنجی ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخل ہوئی۔ہریانہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 262رنز پر آؤٹ ہو گئی جس سے جھارکھنڈ کو جیت کیلئے 176رنز کا ہدف ملا۔اس نے چوتھے دن ہی پانچ وکٹ پر 178رنز بنا کر جیت درج کی۔یہ پہلا موقع ہے جب جھارکھنڈ اس قومی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچا ہے۔اس سے پہلے 2012.13میں پنجاب اور 2015.16میں ممبئی نے کوارٹر فائنل میں اس راہ روک دی تھی۔وکٹ کیپر بلے باز اشان نے صرف 61گیندوں پر نو چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 86رنز بنائے جس سے جھارکھنڈ کو ہدف حاصل کرنے میں زیادہ دقت نہیں ہوئی۔انہوں نے آنند سنگھ(27)کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 95رن کی شراکت کی۔جب وہ آؤٹ ہوئے تب ٹیم کا اسکور دو وکٹ پر 139رن ہو گیا،اس کے بعد پہلی اننگز کے سنچری ساز وراٹ سنگھ(21)، اشاک جگی(آٹھ)اور سمت کمار بھی پوییلن لوٹے لیکن جھارکھنڈ ہدف کے کافی قریب پہنچ گیا تھا۔کوشل سنگھ 12رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ہریانہ کی طرف سے یجوندر چہل اور سنجے پہل نے دو دو وکٹ لئے۔اس سے پہلے ہریانہ نے صبح اپنی دوسری اننگز دو وکٹ پر 146رن سے آگے بڑھائی لیکن اس نے باقاعدہ وقفے میں وکٹ گنوائے۔