منگلورو:2/اگست(ایس او نیوز)دکشن کنٹر ضلع کے کانگریس کے صدر ہریش کمار نے کہا ہے کہ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی نے قانون ساز کونسل کے جنوب ۔مغرب گریجویٹ حلقہ کے لئے شموگہ سے ایس پی دنیش کو ٹکٹ دیا ہے ۔اے آئی سی سی کی ہدایت پر ایس پی دنیش نے پہلے ہی اس انتخاب کیلئے مہم کی شروعات کردی ہے ۔ایس پی دنیش نے 2012میں جنوب ۔مغرب کے حلقہ سے انتخابات میں حصہ لیا تھا تاہم بی جے پی کے بزرگ رہنما ڈی ایچ شنکر مورتی کے خلاف ان کو کافی کم ووٹوں سے شکست ہوئی تھی۔انہوں نے کہاکہ آنے والے انتخابات پر نظر رکھتے ہوئے کانگریس نے پہلے ہی ضلع میں ورکشاپ اور کنونشنس کا مختلف حلقوں میں اہتمام شروع کردیا ہے ۔ایسے کنونشنس پتور اور سولیا حلقوں میں پہلے ہی منعقد کئے جاچکے ہیں اور آنے والے دنوں میں یہ دکشن کنٹرا میں منعقد کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں ضلع میں پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے پارٹی نے ایک بوتھ ایک لیڈراور ایک بوتھ دس لیڈر کے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔کانگریس امیدوار ایس پی دنیش دکشن کنٹر کے 8حلقوں کے تمام 16بلاکس کے رائے دہندوں سے بات کریں گے ۔جنوب ۔ مغرب گریجویٹس حلقہ ، شموگہ ، اوڈپی،دکشن کنٹر،چکمگلور،کوڈوگو اور دیوے گیری ضلع کے چناگارے ، ہونالی تعلقہ جات پر مشتمل ہے ۔