بنگلورو،24؍جنوری(ایس او نیوز) کولار میں ریلوے بوگی کارخانے کی شروعات کیلئے درکار زمین محکمۂ ریلویز کو ڈھائی ماہ کے اندر دے دی جائے گی۔اس سلسلے میں آج وزیر اعلیٰ سدرامیا کی صدارت میں اعلیٰ اختیاری میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا۔ اس کارخانے کیلئے درکار زمین اکوائر کرنے کا عمل جاری ہے۔ ڈھائی ماہ کے اندر یہ زمین ریلویز کے حوالے کردی جائے گی۔ 2013میں اس وقت کی مرکزی حکومت نے کولار کے سرینواس پور تعلق میں ریلوے بوگی کارخانے کی شروعات کا فیصلہ کیاتھا اور یہ شرط رکھی تھی کہ اس کارخانے کیلئے درکار زمین ریاستی حکومت مفت فراہم کرے گی۔ اس سلسلے میں سدرامیا کی صدارت میں ہوئی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر صحت رمیش کمار نے بتایا کہ مجموعی طور پر اس کارخانے کیلئے 1123 ایکڑ زمین اکوائر کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ کسانوں نے اپنی 250 ایکڑ زمین کارخانے کے حق میں دینے اور اپنی ملکیت سے دستبردار ہوجانے پر رضامندی ظاہر کی ہے، باقی زمین کی نشاندہی کرنے کا عمل حکومت کی طرف سے جاری ہے۔اس کارخانے پر 1460 کروڑ روپیوں کی لاگت آنے کا تخمینہ 2013میں لگایا گیاتھا، توقع ہے کہ اس میں کچھ اضافہ بھی ہو۔ اس موقع پر وزیر برائے بڑی ودرمیانی صنعت آر وی دیش پانڈے نے بھی کہاکہ جلد ہی اس پراجکٹ کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے زمین کی منتقلی کردی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس پراجکٹ کے کولار میں قیام سے مقامی نوجوانوں کو بڑی تعداد میں روزگار ملنے اور ان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے میں کافی مدد ملے گی۔