بنگلورو۔21؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا نے کہاکہ مرکیرہ میں جن قبائلیوں کو ہٹایا گیا ہے ان کی باز آباد کاری کیلئے 14ایکڑ زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس زمین پر ان قبائلیوں کو پکے مکانات فراہم کئے جائیں گے اور ساتھ ہی ہر گھر کیلئے حکومت کی طرف سے مفت گیس سلینڈ راور اسٹو مہیا کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 23دسمبر کو اس سلسلے میں وہ خود کورگ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں پہلی بار ریاست کی کانگریس حکومت نے حقوق جنگلات قانون لاگو کیا ہے۔ جس کے تحت جنگلات سے بے دخل ہونے والے کسی بھی قبائلی کو بے سہارا ہونے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ محکمۂ جنگلات کی طرف سے جنگلات کے تحفظ کیلئے اٹھائے جانے والے قدم سے سماج کے کمزور طبقات متاثر نہ ہوں ،اس مقصد کیلئے یہ انقلابی قانون لایا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ سدرامیا کی ہدایت پر وہ کورگ کا دورہ کررہے ہیں، تاکہ وہاں حالات کا جائزہ لینے کے بعد افسران کو مناسب ہدایت دی جاسکے۔