کنداپور، 24؍جنوری (ایس او نیوز)اپنی بیٹی کے عاشق کو اس سے دور رہنے کی تاکید کرنا ماں کے لئے مہنگاپڑاکیونکہ اس ناراض عاشق کے حملے میں زخمی ہوکر اسے اسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے۔
ذرائع سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق کنداپور کے دتّا تریہ اپارٹمنٹ کے چوتھے فلور پر رہنے والی سجاتا گنیگا کی بیٹی سے اسی اپارٹمنٹ کے ساتویں فلور پر رہنے والا نتین گزشتہ چار سال سے عشق بازی کررہا تھا۔ کہتے ہیں کہ نتین جب اس کے ساتھ دست درازیاں کرنے لگا تو سجاتا کی بیٹی نے اس سے دور ی اختیار کی۔ سجاتا نے بھی نتین کو اپنی بیٹی سے دور رہنے کی تاکید کی۔اس بات سے برہم ہوکر نتین نے ماں اور بیٹی دونوں کا اس وقت پیچھا کیا جب وہ ایک رنگولی فیسٹول میں شرکت کے بعد واپس لوٹے تھے۔ عمارت کے اندر وہ ان کے پیچھے گالیاں دیتے ہوئے آگے بڑھا اور پھر سجاتا پر حملہ کردیا ۔ اس سے سجاتا کے سر ، چہرے اور پیٹ پر زخم آئے ہیں اور اسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
کنداپور پولیس نے کیس درج کرلیا ہے اور ملزم نتین کو تلاش کررہی ہے جو اس واقعہ کے بعد سے فرار ہوگیا ہے۔