کمٹہ 20/ فروری (سجاد قاضی/ایس او نیوز) کمٹہ سے گوکرن جانے کے دوران ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر موٹر بائک پر سوار 16 سالہ لڑکاجاں بحق ہوگیا جس کی شناخت محمد افروز کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثے میں محمد افروز کے والد محمد اقبال کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ حادثہ پیر کی رات قریب 11 بجے پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کمٹہ میں منعقدہ دو روزہ ضلعی اجتماع میں شرکت کے بعد باپ اور بیٹا بائک پر سوار کمٹہ سےگوکرن کے قریب اگرگون میں واقع اپنے گھر جارہے تھے کہ کمٹہ تعلقہ کے دُنڈوکولے نامی مقام پر ایک کار نے ان کی بائک کو ٹکر دی اور پل بھر میں ان دونوں کو راستہ پر ہی زخموں میں تڑپتا چھوڑ کر فرار ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ زخموں کی تاب نہ لاکر محمد افروز نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑ دیا، البتہ اس کے والد محمد اقبال کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور انہیں کمٹہ سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
حادثے میں انتقال کرنے والے محمد افروز کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ وہ مرجان اُردو میڈیم ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کررہا تھا۔ تبلیغی جماعت کے ضلعی اجتماع کے دوسرےاور آخری دن آج دُعا کے بعد افروزاپنے والد کی بائک پر سوار اپنے گھر جارہا تھا، جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
کمٹہ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس چھان بین کررہی ہے۔