ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا: فائر فورس جوانوں کو پولیس جوانوں کے مساوی سہولیات فراہم کی جائے گی: پرمیشور

کرناٹکا: فائر فورس جوانوں کو پولیس جوانوں کے مساوی سہولیات فراہم کی جائے گی: پرمیشور

Tue, 24 Jan 2017 00:17:10    S.O. News Service

بنگلورو۔23/جنوری(ایس او نیوز) وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاکہ ریاستی محکمہئ پولیس کے جوانوں کو جو سہولیات مہیا کرائی جارہی ہیں وہ تمام سہولتیں عنقریب فائر فورس عملے کو بھی مہیا کرائی جائیں گی۔آنے والے دنوں میں فائر فورس کے جوانوں کو عام دنوں میں ٹریفک کی ڈیوٹی پر بھی تعینات کرنے پر حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ آج بنرگٹہ روڈ میں فائر فورس کے 233 ماہرین اور ڈرائیورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی سلامی لینے کے بعد انہوں نے کہا کہ آگ حادثات اور دیگر آفات کے مرحلوں میں عوام کے جان ومال کی حفاظت کیلئے فائر فورس جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر انتہائی ذمہ داری کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں، ان کی تکنیکی مہارت کے ساتھ رہنمائی کرنے کیلئے فورس میں پہلی بار تکنیکی ماہرین کو شامل کیاگیا ہے، تاکہ زیادہ جانی ومالی نقصان نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہاکہ ان ماہرین کو جدید ترین سائنٹفک تربیت سے آراستہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں 1965میں آر اے منڈکورنے فائر فورس اکاڈمی کا قیام کیا تھا، جہاں سے ہزاروں نوجوانوں نے تربیت پوری کی۔وزیر داخلہ نے کہاکہ شہر بنگلور میں سینکڑوں کی تعداد میں آئی ٹی کمپنیاں موجود ہیں، جہاں لاکھوں افراد برسر روزگار ہیں۔ان مقامات پر آگ حادثہ کی صورت میں فوری طور پر ان کی راحت کاری درکار ہے۔فائر فورس میں اگر ماہرین ہوں تو ان کی مدد سے آگ بجھانے میں کافی تیزی سے کام لیا جاسکتاہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ محکمہئ پولیس میں کئی اصلاحات لائی گئی ہیں، جوانوں کے بھتے میں اضافہ اور دیگر سہولیات دی جارہی ہیں۔ یہی سہولیات پانے کے فائر فورس جوان بھی پوری طرح اہل ہیں۔حکومت بھی فائر فورس جوانوں کو یہ تمام سہولیات دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی شاہراہوں پر سڑک حادثات کی صورت میں فوری طور پر امداد پہنچانے میں فائر فورس اور ایمرجنسی خدمات کا شعبہ انتہائی اہم کردار نبھا سکتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ سڑک حادثات پر نظر رکھنے کیلئے ریاست بھر میں ہر 40کلومیٹر پر ایک گاڑی تعینات کی جاچکی ہے۔ملک میں پہلی بار تمام ضلع اور تعلقہ جات اور بعض مقامات پر ہوبلی سطح تک بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے خدمات پہنچائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ سال گزشتہ بنگلور میں موسلادھار بارش اور سیلاب کی صورت میں فائر فورس کے جوانوں نے جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ اس موقع پر فائر فورس کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس فائر فورس ایم این ریڈی، اے ڈی جی پی سومندو مکھرجی اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔


Share: