ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا میں بی جے پی کا بحران اب اعلیٰ کمان کے صحن میں

کرناٹکا میں بی جے پی کا بحران اب اعلیٰ کمان کے صحن میں

Tue, 24 Jan 2017 00:27:57    S.O. News Service

بنگلورو۔23/جنوری(ایس او نیوز) گلبرگہ میں منعقدہ دو روزہ بی جے پی مجلس عاملہ میٹنگ کے دوران سرکردہ بی جے پی رہنماؤں یڈیورپا اور ایشورپا کے درمیان شدید اختلافات کو دیکھتے ہوئے آج ریاستی پارٹی قائدین نے یہ سارامعاملہ پارٹی اعلیٰ کمان پر چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ان دونوں لیڈروں کی طرف سے متضاد بیان بازی کی وجہ سے پارٹی کو بھاری نقصان پہنچنے کی شکایت کرتے ہوئے ریاست کے بعض لیڈروں نے مرکزی قیادت سے گذارش کی ہے کہ جلد ازجلد اس معاملے کو سلجھایا جائے بصورت دیگر آنے والے دنوں میں جبکہ انتخابات سر پر ہیں پارٹی کی ساکھ بری طرح متاثر ہوگی۔ بتایاجاتا ہے کہ یڈیورپا اور ایشورپا کے درمیان اختلافات اور اس سلسلے میں دونوں قائدین کی ضد کے متعلق بی جے پی کے ترجمان اور قومی نائب صدر مرلی دھر راؤ نے کل اعلیٰ کمان کو اپنی رپورٹ بھی روانہ کردی اور کہاکہ فوری طور پر دونوں کے اختلافات کو اگر ختم نہیں کیاگیا تو ریاست میں پچھلے انتخابات کی طرح اس بار بھی بی جے پی کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ریاست میں بی جے پی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کے عہدکو دہراتے ہوئے پارٹی لیڈروں نے جہاں یڈیورپا کو یہ بات سمجھانے کی کوشش کی ہے وہیں بی جے پی کے قومی صدر امیت شا نے دونوں قائدین سے جلد ا زجلد مصالحت کرنے کو کہا ہے۔ تو دوسری طرف یڈیورپا اور ایشورپا اپنے اپنے موقف سے ٹس سے مس ہونے کیلئے قطعاً تیار نہیں۔ بتایا جاتاہے کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں مصروف اعلیٰ کمان کو فرصت ملتے ہی کرناٹک کے امور پر توجہ دی جاسکتی ہے۔  


Share: