ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاویری مسئلہ پر سپریم کورٹ میں سماعت آج بھی جاری رہے گی؛ فیصلے تک تملناڈوکو روزانہ پانی فراہم کرنے سپریم کورٹ کی ہدایت

کاویری مسئلہ پر سپریم کورٹ میں سماعت آج بھی جاری رہے گی؛ فیصلے تک تملناڈوکو روزانہ پانی فراہم کرنے سپریم کورٹ کی ہدایت

Wed, 19 Oct 2016 05:45:55    S.O. News Service

بنگلورو۔19/اکتوبر(ایس او نیوز) کاویری آبی تنازعہ کے سلسلے میں کرناٹک اور تملناڈو کی طرف سے دائر خصوصی عرضیوں کی سماعت منگل کو سپریم کورٹ میں نامکمل رہی۔ آج بدھ کو دوبارہ اس معاملہ کی سماعت جاری رہے گی۔اس وقت تک سپریم کورٹ نے تملناڈو کو دو ہزار کیوسک پانی کاویری سے فراہم کرنے کرناٹک کو ہدایت جاری کی۔آج سپریم کورٹ کی سہ رکنی بنچ جو جسٹس دیپک مشرا،جسٹس کھانولکر، اور امیتابھ رائے پر مشتمل تھی، اس نے کاویری معاملے میں مرکزی حکومت، کرناٹک اور تملناڈو کے وکیلوں کی طرف سے مکمل بحث کی سماعت کی۔ مرکزی حکومت کی طرف سے اٹارنی جنرل مکل رہوتگی نے کاویری آبی تنازعہ ٹریبونل کے قطعی فیصلے کا چیلنج کرتے ہو ئے دونوں ریاستوں کی طرف سے دائر عرضی کے جواز پر سوال اٹھایا اور کہاکہ ٹریبونل کے قطعی فیصلے پر نظر ثانی کا اختیار سپریم کورٹ کو نہیں ہے۔ تاہم کرناٹک کی طرف سے پیروی کرتے ہوئے سینئر وکیل فالی ایس ناریمن نے آئین کی دفعہ 136 کا حوالہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ میں یہ استدلال پیش کیا کہ ٹریبونل کے فیصلے کا چیلنج کرنے کا اختیارحکومتوں کو ہے۔سپریم کورٹ اس عرضی کی سماعت کرسکتا ہے۔تملناڈو نے بھی اس معاملہ میں ناریمن کے موقف سے اتفاق کیا۔ دوپہر دو بجے شروع ہوئی سماعت شام پانچ بجے تک بھی مکمل نہیں ہوئی۔ جس کے سبب ججوں نے کل بھی سماعت جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کرناٹک کو ہدایت جاری کی کہ جب تک کہ اس معاملے میں فیصلہ نہیں ہوجاتا کرناٹک تملناڈو کو روزانہ دوہزار کیوسک کے حساب سے کاویری کا پانی فراہم کرنا جاری رکھے۔ فالی ایس ناریمن نے عدالت کو بتایا کہ 7/ اکتوبر سے 18 اکتوبر تک سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعمیل میں کرناٹک نے تملناڈو کو روزانہ دو ہزار کیوسک پانی فراہم کیا ہے۔ عدالت کی طرف سے آج مزید پانی فراہم کرنے کی ہدایت پر بھی عمل کرنے کا انہوں نے یقین دلایا۔ اس دوران عدالت کی سماعت کے بعد ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ایم بی پاٹل نے کہاکہ عدالت کا فیصلہ ہونے تک روزانہ دوہزار کیوسک پانی تملناڈو کو فراہم کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ 


Share: