ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاسر گوڈ اورمنگلورو میں قتل اور خون خرابے سے نئے سال کا آغاز۔۔۔ تین زخمی دو ہلاک

کاسر گوڈ اورمنگلورو میں قتل اور خون خرابے سے نئے سال کا آغاز۔۔۔ تین زخمی دو ہلاک

Sun, 01 Jan 2017 14:36:28    S.O. News Service

منگلورو یکم جنوری (ایس او نیوز) دنیا بھر میں گریگورین یا عیسوی کیلنڈر کے اعتبار سے یکم جنوری کو نئے سا ل کے طورپر منایا جاتا ہے اور اس دن کی پہلی رات موج مستی،شراب نوشی، جوئے بازی اور عیاشیوں میں گزارنا جدید تہذیبی شعار بن گیا ہے۔ایسے میں ہر شہر اور ریاست سے ناخوشگوار واقعات اور حادثات کی رپورٹیں آنا بھی عام سی بات ہوگئی ہے۔

منگلورو سے موصولہ ایک خبر کے مطابق نئے سال کے استقبال میں جٹے ہوئے اس شہر سے ذرا دور الال پولیس اسٹیشن کی حدود میں قتل کی ایک واردات پیش آئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق  کوُتّار جنکشن کے ایک سیلون میں بلاری کا سنتوش اورشکاری پور کا پردیپ ملازمت کرتے تھے۔ نئے سال کا جشن منانے کے موڈ میں ہونے کے باوجود ان کے بیچ کسی بات پر تکرار شروع ہوگئی۔جس کے بعد نشے میں بدمست سنتوش نے طیش میں آکر اپنے دوسرے ساتھی پردیپ پر چاقو سے حملہ کردیا۔ حالانکہ بری طرح زخمی پردیپ کو سنتوش نے اسپتال پہنچانے کی کوشش ضرور کی، مگر بہت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اس کو بچایا نہیں جاسکا۔ خبر ملی ہے کہ ملزم سنتوش نے خود کو پولیس کے سپرد کردیا ہے۔اس سلسلے میں کیس درج کرنے کے بعد الال پولیس تحقیقات کررہی ہے۔

اسی طرح کاسرگوڈ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق راونیشورنامی مقام پر چھرے بازی کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہوئی ہے جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت کمارن (50 سال) کی حیثیت کی گئی ہے۔ کمارن کی بیوی وتسلا(40 سال) اور بیٹا پرساد(24سال) اور ایک شخص زخمی ہوگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کمارن کے بھائی پدمانابھا، راگھون، نارائین اور سری دھر پر قتل اور خونریزی کا الزام ہے۔

کہا جاتا ہے کہ سنیچر کی شام کو بورویل لگانے کے معاملے میں کمارن اور اس کے مذکورہ بھائیوں کے درمیان تکرار ہوئی تھی۔اسی بات پر دیر رات گئے ان سب کے بیچ پھر سے جھگڑا شروع ہوگیا۔ جس میں چاقو بازی ہوئی اور اس کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے کمارن کواسپتال لے جاتے ہوئے اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔باقی زخمیوں کا علاج اسپتال میں کیا جارہا ہے۔ پولیس تحقیقات کررہی ہے۔


Share: