منگلورو31؍دسمبر (ایس او نیوز)برکے پولیس نے تین ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ یہ لوگ کاروں کے چیسس نمبر بدل کر فروخت کرنے والے گروہ میں شامل ہیں۔
پولیس کے بیان کے مطابق برکے پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر (کرائم) کو ان لوگوں کے بارے میں ٹھوس اشارے ملے تھے کہ یہ لوگ اس قسم کے غیر قانونی کاروبار میں مصروف ہیں۔ پھر جب پولیس نے ان لوگوں کو مناگوڈّے علاقے میں گھومتے پھرتے دیکھا تو انہیں روک کر ان کے پاس موجود لیانسر کار کے دستاویزی کاغذات طلب کیے۔ مگر ان تینوں میں سے کسی نے کار کی ملکیت ثابت نہیں کی۔تحقیقات سے یہ بات معلوم ہوئی کہ کاروں کے چیسس نمبر بدل کر انہیں فروخت کرنے کے دھندے میں واقعی یہ لوگ شامل ہیں۔البتہ اب تک یہ نہیں معلوم ہوسکا ہے کہ ان لوگوں نے ایسی کتنی کاریں فروخت کی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ان ملزموں کے پاس سے دو کاریں، گیس ویلڈنگ سیلنڈر اور دیگر ساز و سامان ضبط کیاگیا ہے۔جس کی قیمت 4.5لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔یہ کارروائی اے سی پی اودئے نائک کی قیادت میں انجام دی گئی۔