چنتامنی:27 /دسمبر(نامہ نگار/ایس او نیوز)اتوار اور پیر کی درمیانی رات قریب ایک بجے چنتامنی کے مضافات نائن ہلی کے قریب دو لاریوں میں رکھے گئے گیس سلنڈروں میں آگ لگنے سے زور دار دھماکوں کے ساتھ تباہ ہوجانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس حادثے سے قریب 1.10 کروڑ کا نقصان ہواہے ، اس بات کی اطلاع چکبالاپور ضلع ڈپٹی کمشنر دیپتی ادتیہ کنڈی نے دی۔ دیگر آفسران کے ساتھ جائے واردات کا جائزہ لینے کے بعد وہ اخبارنویسوں سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد قریب میں رہنے والے سبھی لوگ جائے واردات سے کافی دور بھاگ گئے تھے، جس کی بنائ پر اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ جملہ 996 سلیڈر پھٹنے، دو لاریوں کے مکمل طور پر بھسم ہوجانے اور ایک دیگر وین کے جھلس جانے سے نقصانات کا اندازہ قریب 1.10 کروڑ کا لگایا گیا ہے۔۔ ان کے مطابق ایچ پی کمپنی کے آفسروں کی ایک ٹیم ان دھماکوں کی جانچ کررہی ہے، اُن ہی کی رپورٹ ملنے کے بعد اگلی کاروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر چنتامنی حلقہ کے سابق رُکن اسمبلی ڈاکٹر ایم ۔سی سدھاکر و سڈلگٹہ حلقہ کے سابق رُکن اسمبلی وی۔منی اپا فائر فورس کے اعلیٰ افسران سمیت ایچ پی ۔گیس ایجنسی کے افسران موجود تھے
ایس پی ۔گیس ایجنسی کے مالک نے افسروں کو دھماکے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار اور پیر کے درمیانی رات میں گیس گودام کے مقام پر سوائے ایک چوکیدار کے کوئی اور موجود نہیں تھا، چوکیدار نے ہی اُنہیں فون کرکے خبر دی تھی کہ سلنڈروں سے بھری لاریوں کو آگ لگ گئی ہے ۔ خبر ملتے ہی وہ فوراََ وہاں پہنچ گئے۔ لاریوں میں موجود سلینڈروں میں آگ لگی ہوئی تھی۔ اس دھماکے میں دو لاریاں اور ایک وین جل کر تباہ ہوگئ اور دو لاریوں میں جملہ 996 سلنڈر پھٹ کر قریبی کھیتوں میں جاگرے تھے۔