ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چنتامنی میں بینک افسران نے وقف کمیٹی کے 4.45کروڑ روپے ہڑپ کردئے

چنتامنی میں بینک افسران نے وقف کمیٹی کے 4.45کروڑ روپے ہڑپ کردئے

Tue, 03 Jan 2017 15:09:31    S.O. News Service

چنتا منی 3/جنوری (ایس او نیوز؍محمد اسلم) چنتا منی کے وجیا بینک میں وقف کمیٹی کے اکاونٹ میں جمع رقم کو بینک افسران ہی ہیرا پھیری کے ذریعے ہڑپ کیے جانے کی واردات سامنے آئی ہے۔

    موصولہ تفصیلات کے مطابق وجیا بینک کی چنتا منی شاخ میں وقف کمیٹی کے اکاونٹ میں 4.45کروڑ روپے جمع تھے۔ شہری پولیس تھانے میں درج شکایت کے مطابق بینک منیجر سوشیلا، اسسٹنٹ منیجر مرکلّپا ایف ڈی سی سراج پاشاہ اور دیگر کچھ لوگوں نے مل کر جعلسازی کے ذریعے یہ رقم حاصل کرلی ہے۔ وقف کمیٹی کی یہ جو رقم  تھی اسے نومبر کے مہینے میں وجیا بینک میں فکسڈ ڈپازٹ اکاونٹ میں جمع کیا گیا تھا۔ایک مہینہ گزرنے کے باوجود بینک سے فکسڈ ڈپازٹ کا بانڈ نہ ملنے پر وقف کمیٹی کے ذمہ داروں نے بینک پہنچ کر بانڈ طلب کیا۔ اس وقت انہیں بینک منیجر نے بتایا کہ ریاستی وقف بورڈ کی طرف سے انہیں ایک تحریر ملی تھی جس میں اس رقم کو اجئے گروپ آف کمپنیز کے اکاونٹ میں ٹرانسفر کرنے کی ہدایت تھی۔ اس لئے یہ رقم اس کمپنی کو ٹرانسفر کردی گئی ہے۔جب ریاستی وقف بورڈ سے اس سلسلے میں تحقیق کی گئی تو پتہ چلا کہ وہاں سے ایسی کوئی تحریری ہدایت انہوں نے نہیں بھیجی تھی۔

    اس کے بعد ریاستی وقف بورڈ کے چیف اکاونٹنٹ تلسی داس نے جب معاملے کی تحقیق کی تومعلوم ہوا ہے کہ بینک کے افسران نے ہی خود جعلسازی کے ذریعے ریاستی وقف بورڈ کے نام سے تحریر تیار کی تھی اور یہ رقم دوسرے اکاونٹ میں ٹرانسفر کرکے انہوں نے ہی ہڑپ کر لی ہے۔پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔


Share: