منگلورو یکم جنوری (ایس او نیوز)جنوبی کینرا، اڈپی ضلع، چکمگلورو اور شمالی کینرا پر مشتمل مغربی زون کے نئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کے طور پر مسٹر پی ہری شیکھرن کی تعیناتی عمل میں آئی ہے۔
مسٹر شیکھرن(49 سال) اس زون کے12ویں آئی جی پی ہونگے۔ ان سے پہلے یہاں مسٹرارون چکرورتی اس عہدے پر فائز تھے ان کاتبادلہ کرکے یہاں شیکھرن کو لایا گیا ہے۔مسٹر ہری شیکھرن 1996بیاچ کے آئی پی ایس افیسر ہیں۔ جو تاملناڈو کے رہنے والے ہیں۔ آرٹس میں انہوں نے پوسٹ گریجویشن کیا ہے۔ تامل، ہندی اور کنڑی زبانیں جانتے ہیں۔حالیہ دنوں میں وہ بنگلوروسٹی (ایسٹ) کے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کے عہدے پر فائز تھے۔
دیگر آئی پی ایس افسران جن کا تبادلہ اس بار ہوا ہے، ان میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پتور مسٹر سی بی ریشیانتھ ہیں جن کو باگلکوٹ کے ایس پی کے طور پرٹرانسفر کیاگیا ہے۔اسی طرح کاروار کے ایس پی ونشی کرشنا کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں ہاویری کا ایس پی بنادیا گیا ہے۔ ان کی جگہ پر ضلع شمالی کینرا کے لئے پاٹل ونائک راؤ کو ایس پی کا عہدہ دیا گیا ہے، جو کہ یادگیر ضلع کے ایس پی کا عہدہ سنبھالے ہوئے تھے۔ہاویری کے ایس پی مسٹر بی رمیش کو رام نگر کے لئے ایس پی بناکر بھیج دیا گیا ہے۔