بنگلور،26دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کوچ ومل کمار نے آج کہا کہ شٹلر سائنا نہوال کو پریمیئر بیڈمنٹن لیگ(پی بی ایل)میں کھیلنے سے دور رہنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ بیڈمنٹن لیگ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی طرح مشکل مقابلہ نہیں ہے۔کمار سے جب پوچھا گیا کہ سائنا کو پی بی ایل سے آرام دینا کیا صحیح نہیں ہو گا کیونکہ وہ ابھی چوٹ سے ابھر ہیں تو کمار نے کہا کہ سائنا کو پی بی ایل سے دور رہنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے،اس سے اس کا کیریئر پروفائل میں اضافہ ہوگا۔یہ لیگ اتنی مشکل نہیں ہے کیونکہ یہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ جتنا مقابلہ نہیں ہے۔سائنا کیلئے اس سال کا سیشن کافی مشکل رہا ہے کیونکہ انہوں نے پاؤں کی چوٹ پر قابو پانے کے بعد آسٹریلین اوپن جیتا لیکن ریو اولمپکس کے دوران ان کے گھٹنے میں بڑی چوٹ لگ گئی جس سے وہ اس میں دوسرے راؤنڈ سے ہی باہر ہو گئیں۔کمار نے کہا کہ پی بی ایل دو ماہ تک نہیں کھیلی جاتی جیسے آئی پی ایل۔انہوں نے کہا کہ پی بی ایل آئی پی ایل یا کسی دوسری کرکٹ لیگ کی طرح نہیں ہے جو دو ماہ تک چلتی ہے،یہ دو ہفتے تک چلتی ہے جو توجہ کا مرکز رہتی ہے۔کمار نے کہا کہ پی بی ایل سے سائنا کے ٹریننگ سیشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ یہاں 16بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہیں جو اسے فٹ رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی بی ایل کسی بھی طرح ہندوستانی خواتین سنگلزا سٹار کی ٹریننگ پروگرام کو متاثر نہیں کرے گی کیونکہ یہاں 15سے 16بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہیں۔