ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستان :غیر ملکی مواد نشر کرنے پر درجنوں کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی

پاکستان :غیر ملکی مواد نشر کرنے پر درجنوں کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی

Tue, 18 Oct 2016 16:37:02    S.O. News Service

اسلام آباد،18؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کے نگران ادارے ’’پیمرا‘‘غیر ملکی مواد کی اجازت شدہ مقدار سے زائد نشر کرنے پر لاہور ریجن کے 72کیبل آپریٹرز کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ادارے نے ڈیڑھ ماہ قبل متنبہ کیا تھا کہ ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر لائسنس کے قواعدوضوابط کے مطابق نشریات کے دس فیصد حصے کے طور پر غیر ملکی مواد نشر کیا جا سکتا ہے جس کی پاسداری نہیں کی جا رہی اور اسی بنا پر 15اکتوبر کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔مزید برآں بھارتی چینلز کی براہ راست نشریات والے سیٹیلائیٹ (ڈی ٹی ایچ)کو بھی غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔پاکستانی الیکٹرانک میڈیا میں نشر کے لیے بھارتی مواد کی شرح چھ فیصد مقرر ہے۔ پیمرا نے یہ مواد نشر کرنے کے لیے شام چار سے سات بجے تک کا وقت مقرر کیا ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ وہ ایف ایم ریڈیو چینلز کی بھی نگرانی کر رہا ہے اور تاحال اسے قواعد کی خلاف ورزی کی اطلاع نہیں ملی ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کے دوران ان کے آلات بھی قبضے میں لیے گئے لیکن تاحال کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کروایا گیا۔ایک عرصے سے غیر ملکی مواد پر مبنی نشریات پاکستانی چینلز پر دکھائی جاتی رہی ہیں جب کہ ایم ریڈیو چینلز کی اکثریت اپنی نشریات ایک بڑے حصے میں صرف بھارتی گانے ہی نشر کرتے آرہے تھے اور اس ضمن میں پیمرا کی طرف سے صرف تنبیہ اور بعض اوقات جرمانے عائد کیے جاتے رہے۔تاہم بظاہر ہندوستان کے ساتھ پاکستان کے کشیدہ تعلقات اور چند ہندوستانی تنظیموں کی طرف سے پاکستانی فنکاروں کو ہندوستان میں کام نہ کرنے دینے کی دھمکیوں کے بعد پیمرا کی طرف سے اس سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔


Share: