ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پانچ روزہ ایرو انڈیا ایر شو اختتام پذیر،فضائی کرتبوں کو دیکھنے یلہنکا میں عوام کا جم غفیر

پانچ روزہ ایرو انڈیا ایر شو اختتام پذیر،فضائی کرتبوں کو دیکھنے یلہنکا میں عوام کا جم غفیر

Sun, 19 Feb 2017 11:43:15    S.O. News Service

بنگلورو،18؍فروری(ایس او نیوز)بنگلوروشہر میں گزشتہ پانچ دنوں سے جاری گیارھواں ایرو انڈیا ایر شو آج اختتام پذیر ہوگیا۔ فضائی مظاہروں کو دیکھنے کیلئے آج ناظرین کا ایک جم غفیر یلہنکا ایر بیس پر امڈپڑا ،جس کی وجہ سے بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ روڈ پر ٹریفک کااژدھام رہا ، حالانکہ اس صورتحال کا اندازہ لگاتے ہوئے ریاستی حکومت نے پہلے ہی ایرپورٹ تک پہنچنے کیلئے متبادل سڑک تیار کرلی تھی، اس کے باوجود بھی ہزاروں کی تعداد میں ایر شو کا نظارہ کرنے کیلئے لوگوں کی آمد کے سبب ٹریفک کی صورتحال یہاں بے قابو رہی۔ ملکی اور بین الاقوامی طیاروں نے آج اپنے فضائی کرتبوں کے ذریعہ جہاں ناظرین کو متاثر کیا وہیں ایرو انڈیا ایر شو کے دوبارہ بنگلور میں منعقد ہونے پر سوالیہ نشان بھی لگ گئے کیونکہ مرکزی وزیر دفاع منوہر پاریکر اور گوا کے وزیراعلیٰ لکشمی پارسیکر نے حال ہی میں اشارہ دیا تھاکہ آئندہ ایر شو بنگلور میں نہیں، بلکہ گوا میں منعقد کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت نے اس ایر شو کو بنگلور سے باہر لے جانے کی پہلے سے ہی مخالفت کی ہے، گزشتہ بار بھی اس ایر شو کو بنگلور کی بجائے گوا میں منعقد کرنے کی کوشش ہوئی تھی، لیکن وزیر اعلیٰ سدرامیا کی نمائندگی پر اس ایر شو کو بنگلور میں ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔ اب ایک بار پھر گوا کی طرف سے ایر شو کو وہاں منعقد کرانے کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے بنگلور کے لوگوں میں مرکزی حکومت کے اس فیصلے سے مایوسی چھا گئی ہے۔


Share: