نئی دہلی،25؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاسپورٹ بنوانے کے لیے جو نئے قوانین لائے گئے ہیں، وزیر خارجہ سشما سوراج نے اب اس کے بارے میں عوام سے رائے مانگی ہے ۔نئے قوانین کے تحت یتیم بچے، اکیلی ماں، سرکاری ملازم، سادھو جیسے زمروں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔سوراج نے ان تبدیلیوں کو ضروری اور اہم قرار دیا ہے۔انہوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ہم نے پاسپورٹ کے قوانین میں ضروری تبدیلی کی ہیں جس کے بارے میں آپ کی رائے جاننا چاہوں گی۔وزارت خارجہ کو ٹوئٹر پر پاسپورٹ سروس شروع کرنے کے لیے بھی مبارک باد دی جا رہی ہے،اس سروس کے تحت ہندوستان کے علاقائی پاسپورٹ آفس کے ٹوئٹراکاونٹ شروع کئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ہی ہندوستانی پاسپورٹ سے متعلق بیرو ن ممالک میں واقع دفاتر سے بھی اب ٹوئٹر پر رابطہ کیا جا سکے گا۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے ڈیجیٹل ذریعے سے عوام سے رابطہ قائم کرنے کے لیے اسے ایک نئی پہل بتایا ہے،وہیں ٹوئٹر انڈیا نے بھی وزارت خارجہ کو ٹوئٹر سروس شروع کرنے کے لیے مبارک باد دی ہے۔وہیں وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پر ایک اور کامیابی حاصل کی ہے،ان کے ٹوئٹر ہینڈل کے 10لاکھ سے زیادہ فالوورز ہو گئے ہیں۔قابل ذکرہے کہ اسی سال کے آغاز میں وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا کے جدید استعمال کے لیے ڈیجیٹل انڈیا ایوارڈ جیتا ہے۔وزیر خارجہ سشما سوراج نے سوشل میڈیا کے ذریعے ہندوستان اور بیرون ملک بیٹھے ہندوستانیوں کی وزارت سے متعلقہ پریشانیوں کو کافی اچھے سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔سوشل میڈیا کا اتنے کامیاب اور مفید استعمال کے لیے بین الاقوامی سطح پر ان کی تعریف ہوئی ہے۔