بنگلورو:11؍نومبر(ایس او نیوز) رائچور میں منعقدہ ٹیپوجینتی تقریب کے دوران ریاستی وزیر برائے پرائمری وسکینڈری تعلیم وامور اقلیت واوقاف تنویر سیٹھ اپنے موبائل پر واٹس اپ پر چند تصاویر اسکرول کررہے تھے کہ اس منظر کو نیوز 9نامی ایک انگریزی مقامی نیوز چینل نے اپنے کیمرہ میں قید کرلیا اور اسے ٹیلی کاسٹ کرکے یہ دعویٰ کردیاہے کہ تنویر سیٹھ اپنے موبائل پر فحش تصاویر دیکھ رہے تھے۔ جیسے ہی انہیں پتا چلا کہ نیوز 9چینل ان کے موبائل کو کوریج کررہاہے وزیر موصوف نے اپنا موبائل فون بند کردیا۔ اس کی آڑ میں اپوزیشن بی جے پی لیڈران بالخصوص شوبھاکرندلاجے اور ایشورپا تنویرسیٹھ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔ دراصل مذکورہ چینل نے اس منظر کا جوٹیلی کاسٹ کیا ہے اس میں تنویرسیٹھ واٹس اپ کھول کوئی تصویر دیکھ نہیں رہے ہیں بلکہ بھیجی گئی تصاویر پر اسکرول کررہے تھے۔ اس میں سے غالباً ایک تصویر کو زوم کرکے باربار چینل پر ٹیلی کاسٹ کیاگیا۔ یہ تصویر واضح بھی نہیں ہے کہ اس میں ہے کیا؟ چینل کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک عورت کی فحش تصویر ہے۔ دیکھنے والوں کو کہیں نظر نہیں آتا ہے کہ یہ ایک عورت کی فحش تصویر ہے۔ فرقہ پرست بی جے پی نے آج ٹیپوجینتی کے خلاف ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے اور پروگرام کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیاتھا۔ بی جے پی کی اس دھمکی کی پروا نہ کرتے ہوئے ریاستی کانگریس حکومت نے نہ صرف ودھان سودھا کے ضیافتی ہال میں بلکہ ریاست بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرس میں حضرت ٹیپو سلطان جینتی کا اہتمام کیا جس کے نتیجہ میں بی جے پی بوکھلاگئی ہے۔ اس دوران تنویرسیٹھ کے اس معمولی نوعیت کے معاملہ کو ہوتا دیکھ کر عوام کی توجہ موڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ ٹی وی چینل کے دعویٰ کی تردید کرتے ہوئے مسٹر تنویرسیٹھ نے نمائندہ سالار کو بتایاکہ وہ رائچور ضلع انچارج وزیر بھی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر انہوں نے رائچور ضلع میں ٹیپوجینتی منعقد کرنے کی ذمہ داری سنبھالی تناؤ کا ماحول تھا۔ وہاں کے نوجوانوں کو اعتماد میں لے کر ٹیپوجینتی کا انعقاد کروایا۔ تقریب کے دوران وہ ایک ذمہ دار وزیر کی حیثیت سے ریاست کے دیگر مقامات کی صورتحال جاننے کے لئے واٹس پر موصولہ پیغامات دیکھنے کی کوشش کررہے تھے۔ اس دوران چند تصاویر پر اسکرول کررہے تھے۔ لیکن مذکورہ ٹی وی چینل نے ایک سازش کے تحت اس منظر کو اپنے کیمرہ میں قید کرکے باربار ٹیلی کاسٹ کیا۔ یہ مجھے بدنام کرنے کی ایک کوشش ہے۔ تنویرسیٹھ نے کہاکہ اس چینل کے خلاف میں رائچور پولیس تھانہ میں شکایت درج کروارہا ہوں اور اس پورے واقعہ کی جانچ کرنے کی بھی میں درخواست کروں گا۔ تاکہ حقیقت عوام کے سامنے آجائے۔ انہوں نے بتایاکہ حضرت ٹیپوسلطان شہیدؒ سے مجھے سچی عقیدت ہے۔ ان کی سالگرہ تقریب میں کوئی بے ہودہ تصویر دیکھنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔