ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹول وصولی کے خلاف اڈپی ضلع بند کا ملا جلا ردعمل۔۔کچھ مقامات پر مظاہرے کی کوشش۔۔پرائیویٹ بسیں سڑکوں سے غائب

ٹول وصولی کے خلاف اڈپی ضلع بند کا ملا جلا ردعمل۔۔کچھ مقامات پر مظاہرے کی کوشش۔۔پرائیویٹ بسیں سڑکوں سے غائب

Mon, 13 Feb 2017 14:14:39    S.O. News Service

اڈپی 13؍فروری (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66پر ہیجماڈی اور گونڈمی ٹول گیٹ پر ٹیکس وصولی کے خلاف احتجاجی بند کا ملا جلا ردعمل دیکھنے کو ملا۔ حالانکہ صبح صبح احتجاج میں زیادہ گرمی نہیں تھی کیونکہ دکانیں کھل گئی تھیں اور گاڑیوں کی آمد و رفت پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا تھا۔ لیکن پھر دھیرے دھیرے بند میں تھوڑی شدت اس وقت پیدا ہوئی جب ہائی وے کے مختلف مقامات پربسوں اور دیگر موٹر گاڑیوں کو روکنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس کے بعدسوائے سرکاری بسوں کے زیادہ تر گاڑیاں سڑکوں سے غائب رہیں۔اور دیکھتے ہی دیکھتے ہر طرف سڑکیں سنسان ہوگئیں جس سے اسکول جانے والے طلباء اور ضروری کام سے نکلنے والے مسافروں کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تمام ٹول ناکوں پرامن وامان بنائے رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحا ل پر قابو پانے کے لئے پولیس کا بھاری بندوبست رہا۔ریزرو پولیس فورس کے علاوہ ایمبولینس ، فائر بریگیڈ وغیرہ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

موصولہ تفصیلات کے مطابق پڈوبدری پنچایت دفتر کے پاس کافی تعداد میں مظاہرین جمع ہوگئے تھے اور ہیجماڈی ٹول گیٹ کی طر ف مارچ کررہے تھے، لیکن پولیس بھی بڑی تعداد میں موجود تھی اور اس نے دفعہ 144کے تحت نافذ امتناعی احکامات پر عمل کرتے ہوئے مظاہرین کو وہیں پر روک لیا۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیا ن زبانی جھڑپیں بھی ہوئیں جس سے ماحول بہت ہی کشیدہ ہوگیا۔اس موقع پر تشدد کے امکان کو نظر میں رکھتے ہوئے پڈوبدری کے اطراف میں دکانوں کے شٹر گر ا دئے گئے۔

ساستھان اور کنداپور سے ملی خبروں کے مطابق یہاں بھی بند کا زیادہ اثر پڑا ۔زیادہ تردکانیں بندرکھی گئیں۔ کنداپور کے کچھ اسکولوں نے احتیاطی طور پر چھٹی کا اعلان کردیا تھا۔ پرائیویٹ بسیں بند کی حمایت میں سڑکوں سے غائب رہیں۔جس سے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

اس دوران کچھ ذرائع سے یہ خبریں بھی آئی ہیں کہ ہیجماڈی ٹول گیٹ کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرین اور تحصیلدار کے درمیان ایک عبوری معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت KA-20یعنی اڈپی رجسٹریشن والی سفید اور پیلی نمبر پلیٹ کی گاڑیوں سے 25فروری تک ٹول وصول نہیں کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ہیجماڈی ٹول گیٹ کے پانچ کیلومیٹر کے احاطے میں میں KA - 19رجسٹریشن والی گاڑیوں کے لئے کوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔

عوام کی طرف سے بالے ہونور کی سب انسپکٹر کے آر سنیتا پر یہ الزام لگایا جارہا ہے کہ انہوں نے احتجاجی مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا ہے۔ لیکن ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ وشنو وردھن نے کہا ہے کہ سب انسپکٹر سنیتا نے اس بات سے انکار کیا ہے۔اور مظاہرین خواہ مخواہ ہی سب انسپکٹر پر الزام لگارہے ہیں۔


Share: