نئی دہلی، 26؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )آگستاویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹرگھوٹالہ میں 9 ؍اگست کو گرفتار کئے گئے ہندوستانی فضائیہ کے سابق سربراہ ایس پی تیاگی کو آج یہاں کی ایک خصوصی عدالت نے ضمانت دے دی۔سی بی آئی کے خصوصی جج اروند کمار نے تیاگی کو یہ راحت دو لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے اور اتنی ہی ضمانت کی رقم پر دی۔یہ مشروط ضمانت ہے ،جس میں عدالت نے تیاگی سے کہا ہے کہ وہ گواہوں کو متاثر کرنے اور جانچ میں خلل ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔دو دیگر ملزمان تیاگی کے رشتہ دار سنجیو تیاگی اور وکیل گوتم کھیتان کی ضمانت کی درخواست عدالت میں زیر التوا ہیں، عدالت نے کہا کہ دونوں کی درخواستوں پر وہ 4 ؍جنوری کو فیصلہ سنائے گی۔ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران ایس پی تیاگی کی وکیل مینکا گروسوامی نے کہاکہ اگر تفتیش مکمل ہونے میں وقت لگ رہا ہے تو ایسے میں ان کے موکل کو آزادی سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔انہوں نے عدالت میں دعوی کیا کہ ایف آئی آر درج ہوئے چار سال کا عرصہ گزرچکا ہے ، لیکن اس دوران سی بی آئی ان کے موکل کے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں لا پائی۔سی بی آئی کی جانب سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ گواہوں کو متاثر کر سکتے ہیں اور مختلف ایجنسیوں کی طرف سے مختلف ممالک میں کی جا رہی کئی کڑیوں کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ جرم کے مقصد سے غیر سرکاری میٹنگیں کی گئیں، اس مرحلہ پر پہنچ کر ان کی ضمانت کی درخواستوں کو قبول مت کیجئے، تفتیش مکمل ہو جانے دیجئے۔انہوں نے تینوں ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کرنے کی درخواست کی۔