بنگلورو،26؍جنوری(ایس او نیوز) ریاستی ہائی کورٹ کے احاطہ میں آج منعقدہ جلسۂ یوم جمہوریہ کے دوران ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس کے مکھرجی نے جلسہ کا بائیکاٹ کردیا اور جلسہ سے نکل پڑے، جلسہ میں اپنی تقریر کے دوران جیسے ہی ریاستی اڈوکیٹ اسوسی ایشن کے صدر ایس پی شیورام نے مرکزی حکومت کی طرف سے لاگو کی گئی نوٹ بندی کا تذکرہ کیا، جسٹس ایس کے مکھرجی اس پر ناراض ہوگئے اور جلسہ سے نکل پڑے۔ اڈوکیٹ اسوسی ایشن کی طرف سے یہ جلسہ منعقد کیاگیاتھا۔ شیورام کی تقریر سے قبل چیف جسٹس نے یوم جمہوریہ کے سلسلے میں اپنا پیغام پیش کیا، لیکن جیسے ہی شیورام نے نوٹ بندی کا تذکرہ کیا جسٹس ایس کے مکھرجی نے اسے برداشت نہیں کیا اور جلسہ گاہ سے نکل پڑے۔ مسٹر ایس پی پاٹل نے بعد میں کہاکہ ملک کے عوام کو درپیش مشکلات کو انہوں نے پیش کرنا چاہا ، پچھلے دو ماہ سے ملک کے عوام کو نوٹ بندی کی وجہ سے بے انتہاصعوبتوں سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ اس کا تذکرہ کرنے میں حرج ہی کیا ہے۔