ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نجی ٹرانسپورٹ بسوں پر آر ٹی او کا دھاوا،بارہ سے زائد بسوں کو زیادہ مال لے جانے پر ضبط کرلیا گیا

نجی ٹرانسپورٹ بسوں پر آر ٹی او کا دھاوا،بارہ سے زائد بسوں کو زیادہ مال لے جانے پر ضبط کرلیا گیا

Sun, 26 Feb 2017 09:49:45    S.O. News Service

بنگلورو،25؍فروری(ایس او نیوز) ٹرانسپورٹ ضوابط کی پامالی کی پاداش میں آج شہر بھر میں آر ٹی او افسران نے نجی ٹراولس کی بسوں کوروک کر چھاپے مارے۔ چھاپوں کا سلسلہ آدھی رات سے شروع ہوا اور تقریباً بارہ بسوں کو ٹرانسپورٹ ضوابط کی پامالی کی پاداش میں ضبط کرلیا گیا۔ آج صبح سادھ ہلی گیٹ کے قریب آر ٹی او افسران نے چالیس سے زائد بسوں کی تلاشی لی اور ان میں غیر قانونی طریقے سے مال برداری کئے جانے کا پتہ لگاتے ہوئے ان بسوں کو ضبط کرلیا۔ ساتھ ہی تلاشی مہم کے دوران یہ بھی پایا گیا کہ ٹو وہیلروں اور کاروں کے ذریعہ بھی مال برداری کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ محکمۂ ٹرانسپورٹ نے یہ قانون وضع کیا ہے کہ نجی بسوں میں مقررہ تعداد سے زیادہ مسافروں کو لے جایا نہیں جاسکتا، لیکن طویل مسافتوں کیلئے جانے والی پرائیویٹ بسوں میں مقررہ سیٹوں سے زیادہ مسافر مسلسل لے جائے جاتے ہیں اور ساتھ ہی لکژری بسوں کی تہہ میں مال برداری کیلئے موجود جگہ مسافروں کا سامان رکھنے کی بجائے غیر قانونی طور پر اس میں پارسل سرویس چلائی جاتی ہے۔ خاص طور پر بنگلور ممبئی، بنگلور حیدرآباد اور بنگلور بلاری کی طرف جانے والی بسوں کو روک کر ان میں سے بارہ بسوں کو ضبط کرلیا گیا۔ بارہ بسوں میں مقررہ مقدار سے زیادہ مال لادا گیا تھا۔ آر ٹی او افسران نے متنبہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بنگلور سے نکلنے والی بیشتر بسوں پر دھاوے بولے جائیں گے اور ان میں مقررہ مقدار سے زیادہ مال یا مسافر لے جائے جارہے ہوں تو ان بسوں کی ضبطی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ خاص طور پر ٹمکور روڈ، ہوسور روڈ، بلاری روڈ اور دیگر شاہراہوں پر آرٹی او نے خصوصی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف بس مالکوں کا کہنا ہے کہ آرٹی او افسران کی طرف سے اس طرح یکے بعد دیگرے الگ الگ بہانوں سے اگر چھاپوں کا سلسلہ ختم نہیں کیاگیا تو انہیں مجبوراً اپنا ٹرانسپورٹ نظام ہڑتال کے ذریعہ روکنا پڑے گا۔ آر ٹی او افسران نے تنبیہ کی ہے کہ ان کی طرف سے چھاپوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔


Share: